کھیل

پاکستانی نژاد شاہد خان ویمبلے اسٹیڈیم کے مالک بننے کے قریب

شاہد خان امریکا کی نیشنل فٹبال لیگ میں جیکسن ولی جیگوار کے بھی مالک ہیں اور دنیا کے 217ویں امیر ترین ہیں۔

پاکستانی نژاد برطانوی ارب پتی اور انگلش پریمیئر لیگ کی ٹیم فلہم کے مالک شاہد خان کی ویمبلے اسٹیڈیم کی خریداری کے لیے معاملات تقریباً طے پا گئے ہیں اور وہ ممکنہ طور پر آئندہ 8 سے 12 ہفتوں میں تاریخی فٹبال گراؤنڈ کے مالکبن جائیں گے۔

شاہد خان امریکا کی نیشنل فٹبال لیگ میں جیکسن ولی جیگوار کے بھی مالک ہیں اور دنیا کے 217ویں امیر ترین ہیں جہاں ان کے اثاثوں کی مالیت کم و بیش 7.2 ارب پاؤنڈ ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق شاہد نے اسٹیڈیم خریدنے کے لیے 900ملین پاؤنڈ کی پیشکش کی ہے جس کے بعد اسٹیڈیم کی انتظامیہ انہیں اسے بیچنے میں دلچسپی رکھتی ہے۔

2013 میں انگلش پریمیئر لیگ کا کلب فلہم خریدنے والے شاہد نے انگلش شائقین کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انگلینڈ کے میچز ویمبلے اسٹیڈیم میں ہی ہوں گے اور وہ اسٹیڈیم کا نام بھی برقرار رکھیں گے۔

ویمبلے اسٹیڈیم کی فروخت سے حاصل ہونے والے انگلش فٹبال گراس روٹ سطح پر سرمایہ کاری کے لیے استعمال کی جائے گی۔

پاکستانی نژاد ارب پتی شخصیت نے کہا کہ یہ اسٹیڈیم میرے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ انگلینڈ میں پہلی مرتبہ میں ویمبلے اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے گیا تھا اور یقیناً ایک تاریخ اسٹیڈیم ہے اور میرے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔

لندن کا ویمبلے اسٹیڈیم انگلینڈ کا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہے جس میں 90ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔