جڑواں بہن بھائی ہونے کے فائدے اور نقصانات دونوں ہوتے ہیں!
کسی تقریب میں جاتے تو ایسا لگتا ابّا جان نے ہم پر ٹکٹ لگادیا ہے، جسے دیکھو ہم دونوں بھائیوں کے نقوش پر تبصرہ شروع کردیتا
جڑواں بھائی ہوں یا بہنیں دیکھنے والوں کے لیے کافی کشش رکھتے ہیں، لیکن خود ان کی زندگی کتنی پُرکشش ہوتی ہے یہ وہ خود ہی جانتے ہیں۔ جڑواں ہونے کے جہاں کئی فائدے ہیں تو نقصانات بھی ہیں۔
ہم شکل بھائی کرکٹ ٹیم میں ہوں تو اچھے بلے باز سے 2 مرتبہ بیٹنگ کروائی جاسکتی ہے۔ ایک بھائی بیمار ہو تو دوسرا اُس کی جگہ امتحان دے سکتا ہے جبکہ دوسری جانب اگر ایک نے کسی کے پیسے کھائے ہیں تو دوسرا اُس کی جگہ مار بھی کھا سکتا ہے!
یہ مشاہدات جھاڑنے کی ٹھوس وجہ یہ ہے کہ ہم خود جڑواں بھائی Identical Twins ہیں۔ بچپن سے لڑکپن تک ایک ہی جیسے کپڑے پہنے، ایک ہی اسکول بلکہ ایک ہی کلاس میں پڑھے۔ پھر ایک ہی کرکٹ ٹیم میں کھیلے اور ایک ساتھ ہی بیمار ہوتے تھے۔