ایوینجر: انفٹنی وار توقعات پر کتنی پوری اتر سکی؟
جب 18 فلموں کے کردار ایک فلم میں اکھٹے کردیئے جائیں تو اس کی کہانی کو آگے لے کر بڑھنا ڈائریکٹر کی صلاحیت کا بہت بڑا امتحان ہوتا ہے۔
اور ایسا ہی کچھ مارول اسٹوڈیوز کے سینما یونیورس کی 19 ویں ایوینجرز: انفٹنی وار میں ہونے والا ہے جس میں اس سیریز کی 10 سال میں بننے والی تمام فلموں کے کرداروں کو ایک جگہ اکھٹا کیا گیا ہے اور دنیا بھر میں لوگ بے چینی سے اسے دیکھنے کے لیے منتظر ہیں۔
تاہم کیا ڈائریکٹرز انتھونی روسو اور جو روسو فلم کی کہانی کو کرداروں کی بھرمار کے باوجود مہارت سے بننے میں کامیاب ہوسکے اور کیا یہ فلم توقعات پر پوری اتر سکے گی؟
27 اپریل کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک ساتھ ریلیز ہونے والی اس فلم نے ایڈوانس بکنگ کے بزنس کا ریکارڈ قائم کیا ہے، جس میں اسپائیڈر مین، کیپٹن امریکا، بلیک پینتھر، آئرن مین، ڈاکٹر اسٹرینج، ہلک اور مارول یونیورس کے دیگر تمام ہیروز اکھٹے ہوئے ہیں اور یہ اسے اب تک بننے والی دوسری مہنگی ترین فلم (30 کروڑ ڈالرز بجٹ تخمینہ لگایا گیا ہے) بھی قرار دیی جارہی ہے۔
ایسا بھی مانا جارہا ہے کہ کچھ سپرہیروز اس فلم میں ولن کے ہاتھوں مرسکتے ہیں، تاہم یہ تو آپ فلم دیکھ کر ہی جان سکیں گے کہ ایسا ہوگا یا نہیں، یا کونسا ہیرو اس سیریز سے باہر ہوگا۔
تاہم ناقدین اس بارے میں کیا کہتے ہیں، اور اس ویک اینڈ اگر فلم کو دیکھنے کا ارادہ ہے تو یہ بھی ضرور جان لیں کہ پیسے خرچ کرنا چاہئے یا نہیں۔