لائف اسٹائل

’شاہد کپور سے سوال کیا تھا کہ وہ شادی کے بعد کام کریں گے؟‘

فلم ویرے دی ویڈنگ کی ٹریلر لانچ تقریب کے دوران سونم کپور رپورٹر کے سوال پر غصہ ہوگئیں۔

بولی وڈ اداکارہ سونم کپور کا شمار ان اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے جو اپنے دل کی بات بولنے سے بالکل خوفزدہ نہیں ہوتی اور ایسا ہی کچھ انہوں نے اپنی جلد ریلیز ہونے والی فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کی ٹریلر لانچ تقریب کے دوران کیا۔

سونم کپور جن کی شادی کی افواہیں اس وقت میڈیا میں گردش کررہی ہیں، اپنی ساتھی اداکارائیں کرینہ کپور خان، سوارا بھاسکر اور شیکا تلسانی کے ساتھ فلم کے پہلے ٹریلر لانچ کی تقریب کا حصہ بنیں۔

اس دوران رپورٹر نے سونم کپور سے سوال کیا کہ کیا وہ اپنی شادی کے بعد بھی کام کریں گی، جسے سن کر اداکارہ کو غصہ آگیا۔

سونم کپور نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’ایسی ذہنیت کو تبدیل ہونے میں وقت لگے گا، کرینہ کپور جیسی اداکارہ ہم سب کے لیے ایک مثال ہیں، ان کی شادی ہوئی، اور ان کے بیٹے کی پیدائش کے بعد بھی وہ فلم کے سیٹ پر کام کرتی نظر آئیں‘۔

مزید پڑھیں: ویرے دی ویڈنگ: شادی کے مسائل میں پھنسی سہیلیوں کی کہانی

سونم نے مزید کہا کہ ’شاہد کپور کی بھی شادی ہوئی اور اس کے بعد بھی وہ کام کرتے نظر آئے، کیا شاہد سے کسی نے سوال کیا تھا کہ وہ شادی کے بعد کام کرتے نظر آئیں گے یا نہیں، کوئی مردوں سے ایسا سوال کیوں نہیں کرتا؟‘

خیال رہے کہ قیاس آرائیوں کے مطابق سونم کپور رواں سال مئی میں اپنے ساتھی آنند اہوجا کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے والی ہیں تاہم اب تک اداکارہ نے اس خبر کی نہ تو تصدیقی کی اور نہ ہی اسے بےبنیاد ٹھرایا۔

سونم کپور نے رپورٹر کا جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’اس طرح کی ذہنیت کو تبدیل ہونے کی ضرورت ہے، امید ہے ویرے دی ویڈنگ جیسی فلموں سے تبدیلی آئے گی، مجھے امید ہے یہ فلم کامیاب ثابت ہو، تاکہ ہم خواتین کو بھی سماج میں اتنی ہی اہمیت ملے جتنی مردوں کو ملتی ہے‘۔

یاد رہے کہ فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کا پہلا ٹریلر گزشتہ روز ریلیز کیا گیا، جسے سوشل میڈیا پر کافی پذیرائی ملی۔

فلم میں کرینہ کپور نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، جبکہ سونم کپور، سوارا بھاسکر اور شیکا تلسانی معاون کرداروں میں نظر آئیں گی۔

اس فلم کی کہانی ندھی مہرا اور میھل سوری نے تحریر کی،جبکہ پروڈکشن انیل کپور، ریہا کپور اور اکتا کپور کررہے ہیں۔

ششانکا گھوش کی ہدایات میں بننے والی فلم رواں سال یکم جون کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔