پاکستان

کوئٹہ: خودکش حملے میں 6 پولیس اہلکار شہید، 7 زخمی

ایف سی نے حملہ آروں کو میاں غنڈی کے علاقے میں چیک پوسٹ کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک کردیا، آئی ایس پی آر

کوئٹہ کے ائرپورٹ روڑ میں پولیس وین پر ہونے والے خود کشن دھماکے میں کم از کم 6 اہلکار شہید اور 7 زخمی ہوگئے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا تھا کہ دو خود کش حملہ آروں نے کوئٹہ کے علاقے میاں غنڈی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کی چیک پوسٹ کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم ایف سی اہلکاروں نے ناکام بنادیا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ دھماکے کے بعد ائرپورٹ روڈ پہنچے جہاں ان کا کہنا تھا کہ دھماکا خودکش حملہ ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں 6 پولیس کے اہلکار شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی نے کہا کہ پورا کوئٹہ شہر حساس اور ہم حالت جنگ میں ہیں، رواں برس 85 تھریٹ الرٹس موصول ہوئے جن میں سے 6 دہشت گرد اپنی کارروائیوں میں کامیاب ہوئے۔

انھوں نے کہا کہ میاں غنڈی میں فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 2 خود کش حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا اور خوش قسمتی سے کسی اہلکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

ائرپورٹ روڈ دھماکے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ائر پورٹ روڈ میں دہشت گردوں کا نشانہ پولیس اہلکار تھے۔

قبل ازیں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ائرپورٹ میں 5 پولیس اہلکار شہید ہوگئے ہیں جبکہ ایف سی نے حملہ آروں کو خودکش دھماکا کرنے سے قبل فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ میں خودکش دھماکا: پولیس اہلکار سمیت 7 افراد جاں بحق

کوئٹہ کے سول ہسپتال (سی ایم ایچ) کے میڈیکل سپرینٹنڈنٹ ڈاکٹر کامران نے ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

دھماکے فوری بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری تعداد جائے وقوع پر پہنچی اور تفتیش کا آغاز کردیا۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کوئٹہ میں دہشت گرد حملے کی سخت مذ مت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے حملے میں شہدا کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور آئی جی بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ملزمان کا سراغ لگا کر انھیں قانون کے شکنجے میں لایا جائے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے جہاں پولیس کے اعلیٰ افسران کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔

رواں سال جنوری میں کوئٹہ کے زرغون روڈ پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ 17 دسمبر کو بھی کوئٹہ کے زرغون روڈ پر واقع بیتھل میموریل میتھوڈسٹ چرچ میں خودکش دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔

قبل ازیں 25 نومبر 2017 کو بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 19 زخمی ہوگئے تھے۔