سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ گروپ چیٹس کی ان 5 اہم ٹرکس کے بارے میں جانیں

کیا آپ واٹس ایپ گروپ چیٹس پر روزانہ دوستوں سے بات چیت کرتے ہیں؟ تو آپ کو ان فیچرز کے بارے میں بھی معلوم ہونا چاہیے۔

میسجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ اپنے صارفین کے لیے ایک کے بعد ایک نئے فیچرز سامنے لا رہا ہے۔

اس ایپ میں صرف کسی ایک دوست سے چیٹ کرنے کے دوران کے لیے ہی نہیں بلکہ گروپ چیٹس کے لیے بھی بہت سے فیچرز سامنے آئے، جن کے بارے میں بہت سے صارفین اب تک کچھ نہیں جانتے۔

واٹس ایپ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ بہت سی تبدیلیاں کی جارہی ہیں، اور ایسے میں آپ کے لیے ان فیچرز کے بارے میں جاننا بہت ضروری ہے جو گروپ چیٹس میں مدد دینے کے لیے واٹس ایپ سامنے لایا۔

مزید پڑھیں: واٹس ایپ کی 14 بہترین ٹرکس

گروپ چیٹس میں دیے گئے چند فیچرز آئی او ایس میں دستیاب ہیں جبکہ چند اینڈرائڈ فونز میں موجود ہیں اور کچھ ان دونوں پلیٹ فارمز میں موجود ہیں۔

یہاں گروپ چیٹس میں متعارف کیے جانے والے وہ خاص فیچرز بتائیں گئے ہیں جن کے بارے میں بہت سے لوگ آج بھی نہیں جانتے۔

گروپ چیٹ سے ایڈمن کو ہٹانا (آئی او ایس)

واٹس ایپ کے ایک گروپ چیٹ میں متعدد ایڈمنز بنائے جاسکتے ہیں، لیکن اگر کسی ممبر کو اس کی ایڈمن پوسٹ سے ہٹانا ہو تو اسے ہی گروپ سے باہر کرنا پڑتا تھا، لیکن اب آئی او ایس میں ایک ایسا فیچر سامنے لایا گیا ہے جس کے ذریعے گروپ کے کسی بھی ممبر کو ایڈمن کی پوسٹ سے ہٹانے کے لیے اسے گروپ سے باہر نکالنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ یہ فیچر گروپ ممبر کی پروفائل پر موجود ہے۔

گروپ کی تفصیل (اینڈرائڈ اور آئی او ایس)

یہ فیچر فروری میں سامنے لایا گیا، پہلے ہر گروپ چیٹ کو ایک نام دیا جاسکتا تھا لیکن اب اس گروپ کو نام دینے کے ساتھ ساتھ نیچے اس کی تفصیل بیان کرنے کا آپشن بھی سامنے آتا ہے، اور اس میں گروپ چیٹ کا کوئی بھی ممبر اپنی مرضی سے تفصیل لکھ سکتا ہے۔

گروپ مینشنز (اینڈرائڈ اور آئی او ایس)

ویسے تو یہ فیچر کوئی نیا نہیں، لیکن بہت سے صارفین آج بھی اس سے واقف نہیں ہیں، گروپ مینشنز ایک ایسا فیچر ہے جس کا استعمال آپ کو یقیناً کافی فائدہ پہنچا سکتا ہے۔ اس کی مثال یہ ہے کہ اینڈرائڈ فون میں اگر آپ واٹس ایپ پر کسی گروپ چیٹ کی نوٹیفیکیشنز کی آواز بند کردیتے ہیں، تو آپ کو یہاں موصول ہونے والے پیغامات کے بارے میں معلوم نہیں ہوگا، لیکن اس چیٹ میں اگر کوئی آپ کا نام مینشن کرتا ہے تو آپ کے پاس فوری اس کا پیغام آئے گا۔

دوسری جانب آئی او ایس میں یہ فیچر اور بہتر انداز میں پیش کیا گیا، اس میں آپ کو اس چیٹ کا وہ میسیج باآسانی دکھا دیا جائے گا جس میں آپ کا نام مینشن کیا گیا، جبکہ اینڈرائڈ میں نوٹیفیکیشن آنے کے بعد آپ کو وہ میسج ڈھونڈنا پڑے گا۔

واٹس ایپ پیمنٹ ٹرانسفر (اینڈرائڈ اور آئی او ایس)

کیا آپ جانتے ہیں کہ صارفین یو پی آئی کے ذریعے بینک ٹو بینک منی ٹرانسفر کرسکتے ہیں، فی الحال یہ بیٹا ورژن میں دیکھنے میں آیا ہے اور ہر صارف کے لیے دستیاب نہیں، لیکن بہت سے صارفین یہ نہیں جانتے کہ یہ فیچر واٹس ایپ گروپس کے لیے بھی دستیاب ہے۔

لیکن گروپ میں ایک وقت میں کسی ایک ہی صارف کو منی ٹرانسفر کرسکتے ہیں، یہ فیچر ابھی ہر جگہ دستیاب نہیں تاہم جلد اسے پاکستان میں بھی متعارف کردیا جائے گا۔

گروپ کالز (بیٹا)

واٹس ایپ کی وائس کالز اور ویڈیو کالز کا فیچر تو نہایت کامیاب رہا، لیکن بیٹا ورژن میں ان کا گروپ وائس اینڈ ویڈیو کالز کا فیچر بھی سامنے آچکا ہے، اس پر ٹیسٹ جاری ہے اور جلد یہ آئی او ایس اور اینڈرائڈ میں بھی دستیاب ہوگا۔