صحت

چائے کے 3 کپ روزانہ فالج کا خطرہ کم کریں

چائے پینے کی عادت دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی اور فالج کا خطرہ کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

اگر تو آپ چائے یا کافی پینا پسند کرتے ہیں تو اچھی بات یہ ہے کہ یہ عادت دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی اور فالج کا خطرہ کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

میلبورن کے الفریڈ ہاسپٹل کی تحقیق میں بتایا گیا کہ چائے یا کافی میں موجود کیفین مرکزی اعصابی نظام کو حرکت میں لاکر ایڈی نوسین نامی کیمیکل کے اثرات کو بلاک کرتا ہے جو کہ atrial fibrillation یا اطاقی فائبرلیشن کا باعث بنتا ہے۔

مزید پڑھیں : چائے پینے کا یہ فائدہ جانتے ہیں؟

اطاقی فائبرلیشن دل کی دھڑکن کا سب سے عام مرض ہے جس میں دل بہت تیزی سے دھڑکتا ہے اور علاج نہ کرایا جائے تو فالج بھی ہوسکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ کیفین سے دل کی دھڑکن کے مسائل پیدا ہوتے ہیں ، تاہم کافی اور چائے وغیرہ اس سے بچاﺅ میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں جس کی وجہ ان میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس اور ایڈی نوسین کو بلاک کرنے کی خصوصیت ہے۔

اس حوالے سے روزانہ 3 کپ ان مشروبات کا استعمال فائدہ مند ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران 2 لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ کیفین والے مشروبات کے استعمال سے دل کی دھڑکن کے مسائل کا خطرہ 13 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔

اس تحقیق کے دوران ایسے 103 افراد کا جائزہ بھی لیا گیا جو ہارٹ اٹیک کا شکار ہوچکے تھے اور انہیں روزانہ 353 ملی گرام کیفین استعمال کرایا گیا تو دل کی دھڑکن میں بہتری آئی۔

یہ بھی پڑھیں : چائے پینا جان لیوا مرض سے بچائے

تاہم تحقیق کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ چائے یا کافی کا بہت زیادہ استعمال ایسے عارضے کا خطرہ بڑھاتا ہے جس میں دل کے نچلے چیمبرز میں دھڑکن بہت تیز ہوجاتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جریدے جرنل جے اے سی سی: کلینکل Electrophysiology میں شائع ہوئے۔