پاکستان

تھر پارکر: مٹھی سول ہسپتال میں مزید 13 بچے جاں بحق

مٹھی سول ہسپتال میں رواں سال جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 193 تک پہنچ گئی ہے، ذرائع محکمہ صحت
|

سندھ کے ضلع تھرپارکر کے مرکزی شہر مٹھی کے سول ہسپتال میں گزشتہ دو روز کے دوران انفیکشن اور غذائی قلت کے باعث جاں بحق ہونے والے نوزائیدہ بچوں کی تعداد 13 ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق مٹھی ہسپتال میں مزید 3 بچے وبائی امراض اور غذائی قلت کے باعث جاں بحق ہوچکے ہیں جس کے بعد دو روز میں ہلاکتوں کی تعداد 13 تک پہنچ گئی ہے۔

قبل ازیں مٹھی سول ہستپال میں جاں بحق ہونے والے بچوں میں ایک سالہ نشاد، دو سالہ خالدہ، تین ماہ کے انتظار علی، 4 ماہ کی ماروی، 5 سالہ عابدہ، 8 سالہ ماروی، 6 ماہ کی خاتون، 8 ماہ کی عائشہ، 3 ماہ کی دھنہ اور 7 ماہ کی بچی شانتی شامل ہے۔

محکمہ صحت کے باوثوق ذرائع کے مطابق مٹھی کے سول ہسپتال میں رواں سال کے قلیل عرصے میں ہلاک ہونے والے بچوں کی مجموعی تعداد 190 تک جاپہنچی ہے جنھیں 'بہتر' صحت کے لیے دور دراز کے گاؤں سے یہاں لایا گیا تھا۔

متاثرہ خاندانوں نے صحافیوں کو بتایا کہ قریبی صحت کے مراکز میں ادویات اور دیگر طبی سہولیات میسر نہیں ہیں جس کے باعث انھیں دور کا سفر کرکے مٹھی آنا پڑتا ہے جبکہ گرمی کے باعث ان کی حالت مزید خراب ہوجاتی ہے اور مزید سنبھلنے کے بجائے دوران علاج چل بستے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:تھر: غذائی قلت کے باعث مزید 6 بچے جاں بحق

صحت کے شعبے میں کام کرنے والی تنظیم ہینڈز کے ڈاکٹر شیخ تنویز احمد اور دیگر ماہرین نے حکومت سے تھر میں ہونے والی بچوں کی ہلاکتوں پر فوری نوٹس لینے کی اپیل کی۔

تھر میں بچوں کی ہلاکتوں کی سنگین ہوتی ہوئی صورت حال پر موقف جاننے کے لیے محکمہ صحت کے مقامی عہدیداروں سے رابطے کی متعدد کوششوں کے باوجود کامیابی نہ مل سکی۔

یاد رہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ ماہ تھر میں قحط جیسی صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے ضلع بھر کے عوام میں مفت گندم تقسیم کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔

صوبائی وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے تھر کے 2 لاکھ 87 ہزار غریب خاندانوں میں مفت گندم تقسیم کی منظوری دی اور چیف سیکریٹری کو گندم کی تقسیم کا عمل فوری طور پر بحال کرنے اور اپریل کے آخر تک اسے مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے گزشتہ سال اپریل میں مٹھی میں 5 بچوں کی ہلاکت پر ازخود نوٹس لیا گیا تھا۔