حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ 17 اپریل کو ہو گا
پاکستان کرکٹ بورڈ نے باؤلنگ ایکشن پر پابندی کا شکار آف اسپنر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ کے لیے تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔
محمد حفیظ کیریئر میں کئی مرتبہ باؤلنگ ایکشن پر پابندی کا شکار ہوئے اور گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف 5 ون ڈے میچوں کی سیریز کے دوران محمد حفیظ کا ایکشن مشکوک رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد 2 نومبر کو ان کا ٹیسٹ لیا گیا اور نومبر میں ان کے باؤلنگ ایکشن کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے باؤلنگ پر پابندی عائد کردی۔
محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کا ٹیسٹ 17 اپریل کو انگلینڈ کی لف بورو یونیورسٹی میں ہوگا۔
محمد حفیظ 50 ٹیسٹ میچز میں 52، 200 ون ڈے میچز میں 136 اور 81 ٹی20 میچز میں 49 وکٹیں حاصل کرنے والے حفیظ کو 2014 سے باؤلنگ ایکشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
حفیظ کا باؤلنگ ایکشن پہلی مرتبہ 2014 میں رپورٹ ہوا تھا اور اسی سال دسمبر میں انہیں باؤلنگ سے معطل کردیا گیا تھا تاہم آزادانہ جائزے کے بعد اپریل 2015 میں ان کے ایکشن کو درست قرار دے کر باؤلنگ کی اجازت دے دی گئی تھی۔
تاہم ان کی یہ خوشی زیادہ عرصہ برقرار نہ رہی اور جون 2015 میں سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہوا، جس کے بعد جولائی 2015 میں ایکشن دوسری بار غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں باؤلنگ پر ایک سال کی پابندی لگادی گئی تھی۔
گزشتہ سال نومبر میں حفیظ کا برسبین کے نیشنل کرکٹ سینٹر میں ٹیسٹ لیا گیا جہاں ان کا ایکشن درست قرار پایا تھا اور انہیں باؤلنگ کی اجازت دے دی گئی تھی تاہم ایک سال کے اندر ہی ان کا ایکشن دوبارہ رپورٹ ہو گیا اور اب ان کی قسمت کا فیصلہ 17 اپریل کو ہو گا۔