خواتین کو ہراساں کرنے کا الزام: پاکستانی ویب سائٹ پٹاری کا سی ای او برطرف
پاکستان کی سب سے بڑی میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ کے سی ای او پر 2 خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے تھے۔
پاکستان کی سب سے بڑی میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ پٹاری کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کو 2 خواتین کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے کے الزامات سامنے آنے کے بعد عہدے سے برطرف کردیا گیا۔
پٹاری کے فیس بک اور ٹوئٹر کے آفیشل پیجز پر ویب سائٹ کے سی ای او خالد باجوہ کو فوری طور پر عہدے سے برطرف کرنے اور ان کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کی تصدیق کردی گئی۔
خالد باجوہ کو 2 خواتین کی جانب سے لگائے گئے الزامات سامنے آنے کے بعد عہدے سے ہٹایا گیا۔
ٹوئٹر پر مہراور نامی خاتون نے ’مہر‘ نامی ٹوئٹر ہینڈل سے خالد باجوہ کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے مبیہ طور پر پٹاری کے سی ای او کی جانب سے واٹس ایپ پر بھیجے گئے پیغامات کے اسکرین شاٹ بھی شیئر کیے تھے۔