پاکستان

ہنزہ: 3 گمشدہ سیاحوں کی ہلاکت کا خدشہ

سیاحوں کی تلاش کے لیے پیر سے شروع ہونے والا ریسکیو آپریشن اب تک جاری ہے تاہم اب تک اس میں کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

گلگت: کریم آباد کے علاقے میں ایک سیاحتی مقام پر برفانی تودے کے گرنے سے 3 سیاحوں کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

سیاحوں کی تلاش کے لیے پیر سے شروع ہونے والا ریسکیو آپریشن اب تک جاری ہے تاہم اس میں کسی قسم کی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

مزید پڑھیں: محفوظ سیاحت کے چند اہم اور معلوماتی اصول

ریسکیو آپریشن میں پاک فوج کے اہلکار، گلگت بلتستان پولیس، اسماعیلی بوائز اسکاؤٹس اور مقامی افراد کی بڑی تعداد شریک ہے تاہم اب تک آپریشن میں ناکامی کا سامنا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق 5 نوجوان سیاح کیمپ میں موجود تھے جب التر گلیشیئر سے ایک برفانی تودا ان کے کیمپ پر آ گرا۔

ہنزہ سے تعلق رکھنے والے دو افراد سید انور اور واجد برفانی تودے سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے تاہم لاہور کے شامی اور ہنزہ ہی کے جبران اور عحلیان اب تک گمشدہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نانگا پربت کے بیس کیمپ پر فائرنگ، نو غیر ملکی سیاح ہلاک

مقامی ماہرین کا کہنا ہے کہ تینوں نوجوان اب مٹی کے نیچے نہیں ہیں اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ تودے کے ساتھ آنے والے پتھروں کے نیچے دب کر ہلاک ہوگئے ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اس علاقے میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 11 اپریل 2018 کو شائع ہوئی