پاکستان

راولپنڈی: نوکری کا جھانسہ دے کر لڑکی کے ساتھ ریپ، مقدمہ درج

ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے اور جلد گرفتار کرلیا جائے گا، پولیس

راولپنڈی کے علاقے ٹاہلی موڑی میں بیوٹی پارلر میں نوکری دینے کے بہانے لڑکی کو مبینہ طور پر اغوا کے بعد ریپ اور تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے پر پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ لڑکی کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں ریپ کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جارہا ہے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارے جا رہے ہیں۔

کینٹ تھانے میں مقدمہ درج کرانے والی لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ وہ مورگاہ موڑ کے قریب گاڑی کے انتظار میں کھڑی تھیں کہ اسی دوران ایک پراڈو گاڑی جس کا نمبر اے ڈی 155 تھا آکر رکی جس کی فرنٹ سیٹ پر ایک لڑکا اور ایک لڑکی بیٹھے تھے۔

مزید پڑھیں: خاتون سے ریپ کے الزام میں پولیس اہلکار گرفتار

ان کا کہنا تھا کہ گاڑی میں سوار افراد نے انھیں لفٹ دی اور راستے میں بتایا کہ ہمارا بیوٹی پارلر ہے اور نوکری کا جھانسہ دے کر میرا نمبر لیا۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ نوجوان لڑکے نے کال کر کے مجھے بیوٹی پارلر لے جانے کے بہانے ایک کمرے میں لے گیا جہاں انھیں تشدد اور ریپ کا نشانہ بنایا گیا جبکہ شور کرنے پر دھمکیاں بھی دی گئیں۔

متاثرہ لڑکی کا کہنا تھا کہ لڑکے نے زیادتی کے بعد میرے کسی کو نہ بتانے کی شرط پر جانے کی اجازت دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ریپ کے الزام میں گرفتار مذہبی اسکالر کی خاتون کو خاموش رہنے کیلئے رقم کی ادائیگی‘

لڑکی نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار، وزیر اعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب سے انصاف کی اپیل کی۔

ایس ایس پی آپریشن محمد بن اشرف نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مقدمے کے اندراج اور میڈیکل کے بعد ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کر لی گئی ہے۔

ایس پی پوٹھوہار ڈویژن سید محمد علی نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے موبائل فون کا ریکارڈ اور لڑکی سے زیادتی کے لیے جو گاڑی استعمال کی گئی ہے اس کی تفصیلات اکٹھی کر لی گئیں اور ملزم کی گرفتاری کے یئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں ، جلد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔