بھارتی جاسوس خاتون پاکستانی فوجی افسر کی بیوی بننے پر’راضی‘
ویسے تو حقیقت میں ایسا کم ہی ہوتا ہے کہ دشمن ملک کی جاسوس خاتون سے کوئی فوجی افسر شادی کرے۔
تاہم 4 دہائیاں قبل پاکستان کا پڑوسی ملک بھارت ایک کشمیری خاتون کو جاسوسی کے لیے استعمال کرنے کی غرض سے ایک پاکستانی فوجی افسر سے شادی بھی کراچکا۔
کشمیری لڑکی نے پاکستانی فوجی افسر سے شادی کرنے کے بعد مملکت خداداد کی جاسوسی کرکے اہم معلومات ہندوستان کو دی۔
یہ سارا واقعہ 1971 کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان لگنے والی جنگ اور تنازعات کے دوران ہوا، جس پر بعد ازاں ہندوستانی لکھاری ہریندر ایس سکا نے ناول بھی لکھا۔
ناول اگرچہ سچی کہانی پر مبنی ہے، تاہم اس میں کئی فکشن واقعات بھی شامل کیے گئے، اب اسی ناول پر بولی وڈ فلم ’راضی‘ بن چکی ہے، جس میں عالیہ بھٹ ایک کشمیری مگر بھارتی جاسوس لڑکی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
ڈائریکٹر میگھنا گلزار کی ہدایات میں بننے والی فلم ’راضی‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں خوبصورت، معصوم اور انتہائی نفیس نظر آنے والی عالیہ بھٹ کو سازش کے تحت ایک پاکستانی فوجی سے شادی کراکر پاکستان منتقل کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’راضی‘ میں عالیہ کی پہلی جھلک منظر عام پر
عالیہ بھٹ فلم میں ’سہمت‘ نامی جاسوس لڑکی کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی، جس کے لیے اپنے شوہر سے وفاداری سے زیادہ اہم ہندوستان کے لیے جاسوسی کرنا ہوتا ہے۔