پاکستان

اسلام آباد: خواتین اہلکاروں کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے پر3 افسران معطل

ابتدائی انکوائری میں تین اہلکاروں کی نشاندہی ہوئی جنھیں معطل کردیا گیا، ابھی مزید تفتیش جاری ہے،آئی جی سلطان تیموری

اسلام آباد پولیس کے تین افسروں کو مبینہ طور پر خواتین اہلکاروں کو جنسی ہراساں کرنے میں ملوث ہونے پر معطل کردیا گیا۔

آئی جی اسلام آباد سلطان عظیم تیموری نے خواتین اہلکاروں کی درخواست پر فوری کارروائی کا حکم دیا جبکہ ابتدائی انکوائری میں تین اہلکاروں کی نشاندہی ہوئی جنھیں آئی جی کے حکم پر فوری معطل کردیا گیا۔

سلطان اعظم تیموری کا کہنا تھا کہ ابھی مزید تفتیش کی جاری ہے۔

خواتین پولیس اہلکاروں نے چیف جسٹس شکایات سیل میں بھی اس معاملے پر داد رسی کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں ہماری عزتوں سے کھیلا جاتا ہے، ڈی ایس پی پولیس لائن، ریڈر اور آپریٹر ہمیں اپنے کمروں میں بلاتے ہیں۔

خواتین اہلکاروں کی جانب سے جمع درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے ان کے پاس ویڈیو ثبوت بھی موجود ہیں۔

چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 'چیف جسٹس آف پاکستان سے استدعا ہے کہ اس معاملے پر ازخود نوٹس لیں، تمام ثبوت فراہم کریں گے، پولیس لائن ہیڈ کوارٹر کا نظام بہت خراب ہے، کالی بھیڑوں کو نکال دیا جائے'۔