پاکستان کی پہلی مخنث اداکارہ کی فلم ’رانی‘
2 سال قبل پاکستان کی پہلی مخنث ماڈل اور پھر پاکستانی کی پہلی مخنث اداکارہ کا اعزاز حاصل کرنے والی کامی سڈ کی مختصر فیچر فلم ’رانی‘ رواں ماہ ایک عالمی فلم فیسٹیول میں دکھائی جائے گی۔
خیال رہے کہ کامی سڈ نے بطور ماڈلنگ کا آغاز 2016 میں کیا، جس کے بعد وہ 20174 میں اداکاری کے شعبے میں آگئیں۔
’رانی‘ ان کی پہلی مختصر فیچر فلم ہے، جس میں انہوں نے ایک مخںث کا کردار ہی ادا کیا ہے۔
’رانی‘ کی کہانی ایک ایسے خواجہ سرا پر مبنی ہے، جو کراچی کی سڑکوں پر کھلونے بیچنے کا کام کرتی ہے، ایک دن اسے ایک ایسا بچہ ملا جسے اس کے خاندان والوں نے ترک کردیا تھا، جسے وہ اپنے گھر لے آئی، بعد ازاں انہیں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا'۔
یہ بھی پڑھیں: کامی سڈ: پاکستان کی پہلی مخنث ماڈل
فلم کو رواں برس ریلیز کیا جائے گا، تاہم اب اس فلم کو امریکا میں ہونے والے عالمی فلم فیسٹیول ’نیو پورٹ بیچ فلم فیسٹیول‘ میں دکھایا جائے گا۔
’رانی‘ کی ’نیو پورٹ بیچ فلم فیسٹیول‘ میں رواں ماہ 30 اپریل کو خصوصی اسکریننگ کی جائے گی، اس دن فلم فیسٹیول میں دنیا کے مختلف ممالک کی مزید 5 فلموں کو بھی دکھایا جائے گا۔
نیو پورٹ بیچ فیسٹیول 26 اپریل سے 3 مئی تک امریکی ریاست کیلیفورنیا کی اورینج کاؤنٹی میں منعقد ہوگا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی پہلی مخنث ماڈل کا فلمی سفر شروع
کامی سڈ نے اپنی فلم کی عالمی فلم فیسٹیول میں خصوصی اسکریننگ کا اعلان اپنے انسٹاگرام پر کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی فلم پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔