2 دن میں جیل گزارنے والے سلمان کا ممبئی میں شاندار استقبال
سلمان خان 5 اپریل سے 7 اپریل تک جیل میں رہے، ضمانت ملنے کے بعد وہ اپنے گھر پہنچے۔
بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کے چاہنے والوں کی تعداد لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں میں ہے۔
اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ جب انہیں سیاہ نایاب ہرن کے شکار کرنے کے 20 سال پرانے کیس میں 5 اپریل کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا ہوئی تو بھارت بھر میں احتجاج دیکھے گئے۔
سلمان خان کو سزا دیے جانے پر راجستھان سے لے کر مدھیہ پردیش اور گجرات سے لے کر مہارا شٹر تک ان کے مداحوں نے احتجاج کیے جب کہ اداکار و اہم شخصیات بھی ان کے حق میں بولتی نظر آئیں۔
جودھپور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے 7 اپریل کو سلمان خان کو ضمانت پر رہا کیا گیا، جس کے بعد وہ گزشتہ روز شام کو ہی خصوصی طیارے کے ذریعے ممبئی پہنچے، جہاں لاکھوں مداح ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے منتظر تھے۔