دولت مشترکہ گیمز: ہاکی مقابلوں میں پاک-بھارت روایتی حریف آمنے سامنے
آسٹریلیا میں جاری دولت مشترکہ گیمز 2018 کے ہاکی مقابلوں میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ہفتے کو کوئنزلینڈ میں مدمقابل ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کے منتظمین کو روایتی حریف ٹیموں کے مقابلے میں شائقین کی بڑی تعداد کی میدان آمد کی توقع ہے۔
بھارتی ہاکی ٹیم کے کوچ جیرڈ میرین کا کہنا تھا کہ ان کی توجہ بٹ نہیں جائے گی اور کل کے میچ کو دیگر مقابلوں کی طرح لے رہے ہیں۔
نیدر لینڈز سے تعلق رکھنے والے بھارتی کوچ نے کہا کہ 'میں پاکستان کے خلاف اپنے اولین میچ سے قبل ٹیم کو کہہ چکا ہوں کہ یہ معمول کا میچ ہے اور ہم اس کو معمول کے مطابق لے رہے ہیں بجائے ایک میچ پر توجہ مرکوز کرنے کے ہماری نظر پورے ٹورنامنٹ پر ہے'۔
جیرڈ میرین کے ہم وطن سابق بھارتی کوچ رولینٹ اولٹمینز اس وقت پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کررہے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ پاک-بھارت میچ میں تمام تیکنیک اور میچ سے قبل کی گئی تیاریاں دھری رہ جاتی ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے کوچ کا کہنا تھا کہ 'ان میچوں میں ہر ٹیم تمام طریقہ کار کو بھول کر نتیجے کا سوچتی ہے'۔
دوسری جانب پاکستان کے محمد توثیق کا اتفاق بھارتی کوچ میرین کے خیالات سے ہے کہ کھلاڑیوں کو میدان میں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے لیکن وہ تسلیم کررہے ہیں کہ ایسا بہت کم ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یہ میچ دیکھنے والے لاکھوں شائقین کے لیے اہم ہے اور دونوں ٹیموں کے جذباتی شائقین چاہتے ہیں کہ ان کی ٹیم جیتے'۔
محمد توثیق نے کہا کہ 'بحیثیت کھلاڑی ہمیں میدان میں پرسکون ہونا چاہیے لیکن بعض اوقات ہم ایسا نہیں کرپاتے تاہم مجھے یقین ہے کہ اس مرتبہ بھی چیزیں مختلف ہوں گی جس طرح پاکستان اور بھارت ہمیشہ کھیلتے رہے ہیں'۔