’پیپلز پارٹی وزیراعظم کی ایمنسٹی اسکیم کی مخالفت کرے گی‘
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے پیش کی گئی ایمنسٹی اسکیم کی پارلیمنٹ میں مخالفت کرے گی۔
صوبائی دارالحکومت میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ وہ پارلیمانی جماعتوں کو آرڈیننس نامنظور قرارداد کی تجویز دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دوِ حکومت میں سرمایہ داروں کو فائدہ ہوا، عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں جبکہ ایمنسٹی اسکیم سے غیر قانونی پیسہ کمایا جارہا ہے۔
سابق چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ غریبوں کے لیے اب تک کوئی ایمنسٹی اسکیم متعارف نہیں کروائی گئی جبکہ اس اسکیم کے ذریعے کالا دھن سفید کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم کا ٹیکس نادہندگان کیلئے ’ایمنسٹی اسکیم‘ کا اعلان
انہوں نے کہا کہ یہ بہت افسوس کی بات ہے کہ موجودہ دورِ حکومت میں ایسی اسیکمیں متعارف کروائی گئیں جن سے صرف سرمایہ داروں اور بڑی کاروباری شخصیات کو فائدہ ہوا۔
میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ آج تک حکومت نے ایسی کوئی اسکیم متعارف نہیں کروائی جس سے غریب عوام اور محنت کش طبقے کو فائدہ پہنچا ہو، بلکہ یہ طبقہ ٹیکس اور مہنگائی کے بوجھ تلے پسے چلے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہونے جارہا ہے جو ایسا قانون پاس کرے گی جس کی مدد سے کالے دھن کو استثنیٰ مل جائے۔
رضا ربانی نے کہا کہ سیاسی مسائل کو پالیمنٹ مین ہی حل ہوجانا چاہیے، اور انہیں حل کرنے کے لیے طریقہ کار بھی موجود ہے، لہٰذا ان مسائل کو عدالتوں میں لے جانے سے گریز کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کی نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے کس کا فائدہ کس کا نقصان؟
انہوں نے کہا کہ اگر اس قانون میں حکومت نے کسی بھی طرح کی خامی چھوڑی ہوگی تو اسے پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔
ایمنسٹی اسکیم
واضح رہے کہ 5 اپریل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے ٹیکس نادہندگان کے لیے ’ایمنسٹی اسکیم‘ کا اعلان کر دیا تھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت صرف 7 لاکھ افراد انکم ٹیکس ادا کرتے ہیں، ٹیکس دہندہ گان کی محدود تعداد معاشی مسائل پیدا کر رہی ہے اور ٹیکس ادا نہ کرنے سے قومی خزانے پر اضافی بوجھ پڑتا ہے، تاہم مذکورہ اسکیم سے انکم ٹیکس کے دائرہ کار میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ’ملک میں 12 کروڑ افراد قومی شناختی کارڈ رکھتے ہیں، شناختی کارڈ نمبر کو انکم ٹیکس نمبر بنادیا گیا ہے اور اس پیکج کے ذریعے کوئی بھی شہری ایک آسان فارم بھر کر انکم ٹیکس دہندہ بن سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: ایمنسٹی اسکیم کا فائدہ سیاستدانوں کو ہوگا، اسد عمر
وزیراعظم نے 5 نکاتی ٹیکس اصلاحات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’جو لوگ ٹیکس ادا نہیں کرتے اور جن کے بیرون ملک اثاثے موجود ہیں وہ 2 فیصد جرمانہ ادا کر کے ٹیکس ایمنسٹی حاصل کر سکتے ہیں۔‘
ادھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی ایمنسٹی اسکیم سے متعلق کہا کہ اس ایمنسٹی اسکیم کا سب سے زیادہ فائدہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور ان کے خاندان، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو ہوگا کیونکہ یہ پبلک آفس ہولڈر نہیں اور اس اسکیم کے مطابق یہ تمام اشخاص اہل ہیں۔