’سلمان نے تبو اور سونالی کے اکسانے پر ہرن کو مارا‘
بولی وڈ دبنگ ہیرو سلمان خان کو 5 اپریل کو بھارتی ریاست راجستھان کی مقامی ٹرائل کورٹ نے 1998 میں نایاب سیاہ ہرن کا شکار کرنے کے جرم میں 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
عدالتی فیصلے کے بعد سلمان خان کو جودھپور سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا۔
حیران کن طور پر ٹرائل کورٹ نے اسی کیس میں سلمان خان کے ساتھ دیگر نامزد ملزمان سیف علی خان، تبو، نیلم، سونالی باندرے اور شنیت سنگھ کو تمام الزامات سے بری قرار دیا۔
اگرچہ 20 سال پرانے اسی کیس میں عدالتیں سلمان خان کو بھی کم سے کم 2 معاملات میں پہلے بھی بری کر چکی تھیں، تاہم حتمی فیصلے میں انہیں مجرم قرار دیتے ہوئے جیل بھیج دیا گیا۔
سلمان خان نے عدالتی فیصلے کے خلاف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ضمانت کی درخواست بھی دائر کردی، جس پر 6 اپریل کو مختصر سماعت ہوئی، جب کہ عدالت اسی درخواست پر 7 اپریل کو بھی سماعت جاری رکھی گی۔