نایاب ہرن کا شکار: سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا
بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھپور کی عدالت نے بولی وڈ اداکار سلمان خان کو نایاب ہرن کے شکار کے کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔
نایاب کالے ہرن کیس کے غیر قانونی شکار کے 20 سال پرانے کیس میں سلمان خان کے علاوہ سیف علی خان، تبو، سونالی باندرے اور نیلم کے نام بھی شامل تھے۔
سلمان خان پر دو نایاب ہرن کے شکار کا الزام تھا، جبکہ عدالت نے باقی اداکاروں کو اس کیس سے بری کردیا۔
سلمان خان کو عدالت کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد گرفتار کرلیا گیا، جبکہ عدالت میں موجود ان کی بہنیں الویرا اور ارپیتا فیصلہ سننے کے بعد بےساختہ رو پڑیں۔
رپورٹس کے مطابق سلمان خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کے موکل کو تین برس سے کم کی سزا دی جائے۔
واضح رہے کہ تین برس سے کم سزا پر سلمان خان کو فوراً ضمانت مل سکتی ہے لیکن تین برس سے زیادہ کی سزا ہونے پر انہیں ضمانت کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکانا پڑے گا۔