دسترخوان

گرمیوں کے اس پھل کو کھانا عادت بنالیں

گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان بھر میں ایک پھل بہت زیادہ نظر آنے لگتا ہے جو قیمت میں سستا مگر ذائقے میں بے مثال ہے۔

گرمی کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان بھر میں ایک پھل بہت زیادہ نظر آنے لگتا ہے جو قیمت میں سستا مگر ذائقے میں بے مثال ہوتا ہے۔

جی ہاں ہم بات کررہے ہیں خربوزے کی، جو کہ آسانی سے دستیاب، سستا اور مزیدار پھل ہے۔

رس دار اور خوشبودار خربوزے اکثر افراد بہت شوق سے کھاتے ہیں، تاہم اگر آپ کو وہ پسند نہیں تو اسے کھانا عادت بنالیں کیونکہ یہ صحت کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ہوتا ہے۔

ویسے جان لیں کہ یہ پھل بیٹا کیروٹین، وٹامن سی اور متعدد اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے۔

بینائی کے لیے فائدہ مند

خربوزوں میں ایک اینٹی آکسائیڈنٹ بیٹا کیروٹین موجود ہوتا ہے جو کہ آنکھوں کی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتا ہے، اس میں موجود zeaxanthin بینائی کے لیے خصوصی طور پر بہت زیادہ فائدہ مند ہے اور عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی کے مسائل جیسے بینائی کمزور ہونا وغیرہ سے تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔

غذائیت سے بھرپور

خربوزے غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں اور ایک بار کھانے سے ہی وٹامن سی اور اے کی روزانہ درکار مقدار کا 50 فیصد حصہ حاصل کیا جاسکتا ہے، وٹامن اے بینائی کی صحت بہتر کرتا ہے جبکہ ورم کم کرتا ہے۔ اسی طرح وٹامن سی جلد کی صحت، جسمانی دفاعی نظام اور سیلولر ہیلتھ کو بہتر کرتا ہے۔ وٹامن سی ڈی این اے کے عمر بڑھنے سے ہونے والے نقصان سے بھی بچاتا ہے۔

جلد کی صحت بہتر کرے

خربوزے جلد کے لیے جادوئی ثابت ہوسکتے ہیں، اس میں جلد کے لیے فائدہ مند کولیگن موجود ہوتا ہے جو کہ جلدی ٹشوز کو ڈھیلا نہیں ہونے دیتا جبکہ جھریوں کا امکان کم کرتا ہے۔ اسی طرح وٹامن سی چہرے کی قدرتی جگمگاہٹ کو برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

جسمانی دفاعی نظام مضبوط کرے

خربوزے میں مختلف اجزاء کا امتزاج اسے جسمانی دفاعی نظام مضبوط بنانے کے لیے اہم بناتا ہے، جیسے وٹامن سی، وٹامن اے، بیٹا کیروٹین اور دیگر اجزاء جسم میں گردش کرنے والے مضر صحت فری ریڈیکلز سے پیدا ہونے والے امراض سے تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ وٹامن سی خون کے سفید خلیات کی پیدوار کو حرکت میں لاتا ہے جو کہ مختلف خطرناک بیکٹریا، وائرس اور دیگر زہریلے مواد سے جسم کو تحفظ فراہم کرتے ہیں۔

جسم میں پانی کی مقدار پوری کرے

خربوزے موسم گرما کا سپرفوڈ اس لیے بھی ہے کیونکہ ان میں پانی کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے، اس کا 90 فیصد حصہ پانی پر مشتمل ہوتا ہے جو کہ گرم موسم میں جسم میں پانی کی سطح مناسب حد تک رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

بالوں کی نشوونما میں مددگار

چونکہ خربوزے وٹامن اے سے بھرپور ہوتے ہیں تو یہ بالوں کی نشوونما کے لیے بھی فائدہ مند ہوتے ہیں۔ وٹامن اے صحت مند بال اور بالوں کی نشوونما کے لیے ضروری جز ہے، وٹامن اے سے سیبم کی پروڈکشن بڑھتی ہے جس کے نتیجے میں بال صحت مند اور ان میں نمی برقرار رہتی ہے۔

بلڈ پریشر کنٹرول کرے

یہ پھل بلڈپریشر کے مریضوں کے لیے بھی اچھا انتخاب ہے، اس میں موجود پوٹاشیم خون کی شریانوں کو سکون پہنچاتا ہے جس کے نتیجے میں دوران خون کو ہموار رکھنے میں مدد ملتی ہے جبکہ بلڈپریشر کنٹرول میں رہتا ہے۔

نظام ہاضمہ کے مسائل دور کرے

خربوزے میں غذائی فائبر کی مناسب مقدار ہوتی ہے، غذائی فائبر قبض کو دور رکھنے کے ساتھ آنتوں کے افعال کو حرکت میں لانے کے لیے ضروری ہے۔ قبض کے اکثر شکار رہنے والے افراد کو اس پھل کو ضرور آزمانا چاہیے۔

نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔