شاہد آفریدی کی ٹوئٹ پر گوتم گمبھیر آپے سے باہر
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں فوجی بربریت اور 17 کشمیری نوجوانوں کی ہلاکت پر اقوام متحدہ سے فوری طور پر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا لیکن پاکستانی اسٹار کے اس بیان نے بھارت عوام کو مشتعل کردیا۔
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے اتوار کو فائرنگ کر کے 17 کشمیری نوجوانوں کو ہلاک کردیا تھا جس کے بعد مقبوضہ وادی میں دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رہی جبکہ مختلف حصوں میں کرفیو بھی نافذ کردیا گیا۔
اس بربریت پر دنیا بھر کے مسلمانوں نے بھرپور احتجاج کیا جس کے بعد قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی خاموش نہ رہ سکے اور انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
شاہد آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ 'مقبوضہ کشمیر میں صورتحال انتہائی پریشان کن اور ہولناک ہے۔ آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھانے پر معصوموں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے۔حیرت ہے کہ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی ادارے کہاں ہیں اور وہ اس خون خرابے کو روکنے کے لیے کوئی کردار ادا کیوں نہیں کررہے؟۔
اس ٹوئٹ کے فوراً بعد شاہد آفریدی کے خلاف بھارتی میڈیا نے مہم چلاتے ہوئے انہیں برا بھلا کہنا شروع کردیا اور سابق بھارتی اوپنر گرتم گمبھیر بھی اس مہم کا حصہ بن گئے ہیں۔
بھارتی کرکٹر گوتم گمبھیرنے ٹوئٹر پر شاہدآفریدی پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ آفریدی یو این کو ڈھونڈ رہے ہیں اور آفریدی کی ڈکشنری میں یو این انڈر نائنٹین ہے جوکہ انکی عمر کی بھی حد ہے۔ میڈیا پرسکون رہے، آفریدی نو بال پر وکٹ کا جشن منارہے ہیں۔