کراچی: جعلی کرنسی نوٹ پھیلانے والے 5 ملزمان گرفتار
ایس آئی یو سی آئی اے ویسٹ زون نے کراچی کے علاقے سرجانی میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے شہر میں جعلی کرنسی نوٹ پھیلانے والے گروہ کے 5 کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق رحیم یار خان سے ہے جن کی شناخت بلال، سعید، شعیب، الیاس اور علی رضا کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان کے قبضے سے ایک لاکھ 25 ہزار روپے مالیت کی 5 ہزار والی جعلی پاکستانی کرنسی بھی برآمد کی گئی، قبضے میں لی گئی جعلی کرنسی بلکل اصل کرنسی جیسی دکھتی ہے۔
ویڈیو دیکھیں: پولیس کی کارروائی، ڈیڑھ کروڑ کی جعلی کرنسی برآمد
جعلی کرنسی پشاور سے رحیم یار خان اور پھر وہاں سے کراچی لائی جاتی تھی اور ملزمان کو ہر جعلی نوٹ چلانے پر ایک ہزار روپے کمیشن بھی ملتا تھا۔
پولیس نے کہا کہ کراچی کی مختلف مارکیٹوں میں رقم کا استعمال کیا جاتا تھا، جعلی کرنسی پیٹرول پمپ، جرنل اسٹورز اور کھانے کے ہوٹلوں پر کرنسی چلائی جاتی تھی، جبکہ جعلی کرنسی سے حاصل ہونے والی اصل رقم ایزی پیسہ کے ذریعے سرغنہ کو بھیجی جاتی تھی۔
دوران تفتیش ملزمان نے گزشتہ 4 سال سے شہر میں جعلی کرنسی چلانے کا انکشاف کیا، جبکہ کراچی کے مختلف تھانوں میں ان کے خلاف جعلی کرنسی چلانے کے مقدمات بھی درج ہیں جن میں وہ مفرور تھے۔