افغانستان: فضائی حملے میں 20 ’طالبان جنگجو‘ ہلاک
شمالی افغانستان میں طالبان کے تربیتی کیمپ پر فضائی حملے میں 20 شرپسند ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
امریکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق افغان وزارت دفاع کے ترجمان محمد رَدمانِش نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق صوبہ قندوز کے ضلع دَشتی آرچی میں فضائی حملے میں مقامی کمانڈر سمیت تقریباً 20 طالبان جنگجو ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں تصدیق کر سکتا ہوں کہ طالبان کے تربیتی مرکز پر حملہ کیا گیا، جہاں کوئی عام شہری موجود نہیں تھا۔‘
مزید پڑھیں: افغانستان: طالبان کے خلاف امریکی فضائی حملوں میں ریکارڈ اضافہ
تاہم طالبان نے حملے کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ ’فضائی حملے میں مدرسہ نشانہ بنا جس میں 100 سے زائد علماء، طلبہ اور دیگر شہری ہلاک و زخمی ہوئے۔‘
طالبان کا کہنا تھا کہ ’حملے کے وقت مدرسے میں تقسیم اسناد کی تقریب جاری تھی۔
فوری طور پر متضاد بیانات میں سے کسی کی تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔
واضح رہے کہ امریکی اور افغان فورسز طالبان اور داعش کے جنگجوؤں کے خلاف اپنے زمینی اور فضائی حملوں میں اضافہ کر رہی ہے۔
فورسز کے ان حملوں کا مقصد 16 سال سے جاری جنگ میں برتری حاصل کرنا ہے۔