پاکستان

ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی سید وسیم پی ایس پی میں شامل

آج ایم کیو ایم میں اقتدار اور قبضے کی جنگ جاری ہے اور کسی نوعیت کا کوئی کام نہیں ہورہا، سید وسیم

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کے رکن قومی اسمبلی سید وسیم حسین نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) میں شمولیت اختیار کرلی۔

یہ اعلان انہوں نے پی ایس پی کے رہنما انیس قائم خانی کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

حیدر آباد سے رکن قومی اسمبلی سید وسیم کا کہنا تھا کہ آج ایم کیو ایم میں اقتدار اور قبضے کی جنگ جاری ہے اور کسی نوعیت کا کوئی کام نہیں ہورہا۔

سید وسیم نے بتایا کہ ایم کیو ایم نے حیدرآباد کے عوام کو مایوس کیا ہے۔

مزید پڑھیں: بیمار ایم کیو ایم اور لاچار ڈاکٹرز!

انہوں نے کہا کہ چند لوگوں نے ایم کیو ایم پر قبضہ کرنے کی ٹھان لی ہے اور عوام کی فلاح کے لیے کسی نوعیت کا کام نہیں ہورہا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران پی ایس پی میں شمولیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ان کی گزشتہ روز انیس قائم خانی سے پہلی ملاقات ہوئی تھی۔

انہوں نے حیدرآباد اور بالخصوص اپنے حلقے کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'عوام فیصلہ کریں کہ میں صیحح ہوں یا نہیں'۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حیدرآباد سے بھی پی ایس پی میں شمولیت کا آغاز ہوگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 'متحدہ میں اختلافات کا الزام اسٹیبلشمنٹ پر لگانا بے بنیاد ہے'

واضح رہے کہ اس سے قبل ایم کیوایم پاکستان کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فوزیہ حمید بھی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوئی تھیں۔

پی ایس پی میں شمولیت کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 22 اگست کے بعد بہت کچھ برداشت کیا اور امید تھی کہ 22 اگست کے بعد معاملات ٹھیک ہو جائیں گے لیکن گزشتہ دنوں جو ایم کیو ایم میں ہوا وہ ناقابل برداشت ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایم کیوایم کی 2 خواتین ایم پی اے نائلہ منیر اور ناہید بیگم نے بھی پی ایس اپی میں شمولیت اختیار کی تھی۔