ملٹی میڈیا

اسرائیلی فوج کی فائرنگ، فلسطین میں 2014 کے بعد بدترین خونی دن

فلسطین میں اسرائیل کے قبضے کے 70 سال کی تکمیل پر غزہ میں سرحد میں لگی باڑ کے سامنے شدید احتجاج جاری ہے۔

فلسطین میں حماس کے زیر کنٹرول علاقے غزہ میں اسرائیل کے قبضے کے 70 سال کے تکمیل اور دہائیوں سے سرحد بند کرنے کے خلاف وسیع پیمانے پر احتجاج کیا جارہا ہے جہاں اسرائیلی فوج کی جانب سے فائرنگ کی گئی جبکہ مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔

فلسطین اور اسرائیل کے درمیان قائم سرحد کے قریب فلسطینی مظاہرین کے خلاف ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں تاحال 15 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 1400 سے زائد افراد زخمی بھی ہوگئے۔

خیال رہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے 15 مئی کو اسرائیل کے قبضے کے 70 برس مکمل ہونے کے سلسلے میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس میں تازہ واقعے سے مزید شدت آگئی ہے۔

اسرائیل کی جانب سے جب 1948 میں فلسطین کے وسیع علاقے میں قبضہ کیا گیا تو متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد غزہ پہنچی تھی جو موجودہ اسرائیل میں اپنی جائیدادیں اور زمینیں چھوڑ کر ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے تھے۔