پاکستان کا سب مرین کروز میزائل ’بابر‘ کا کامیاب تجربہ
پاکستان نے سب مرین کروز میزائل ’بابر‘ کا کامیاب تجربہ کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کروز میزائل بابر 450 کلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سب مرین کروز میزائل ’بابر‘ مقامی سطح پر تیار کیا گیا، جبکہ زیر سمندر سے فائر کیے گئے میزائل نے کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔
ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) اسٹریٹجک پلان ڈویژن، چیئرمین نیسکام و دیگر اعلیٰ حکام نے میزائل تجربہ دیکھا۔
بیان میں کہا گیا کہ آبدوز سے داغا جانے والا کروز میزائل ’بابر‘ کئی اقسام کے ہتھیار لے جانے، جبکہ زیر آب پروپلشن کے ساتھ جدید ترین گائیڈنس اور نیوی گیشن کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
مزید پڑھیں: پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کا لانگ رینج اینٹی شپ میزائل کا کامیاب تجربہ
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ میزائل تجربہ کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کی جانب اہم قدم ہے، یہ تجربہ پڑوسی ملک کی جانب سے اشتعال انگیزی اور بڑھتے جوہری خطرات کے پیش نظر کیا گیا جبکہ میزائل کے ذریعے پاکستان نے قابل بھروسہ سیکنڈ اسٹرائیک صلاحیت حاصل کرلی ہے۔
صدر ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کامیاب میزائل تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی مبارکباد پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا کروز میزائل ’بابر تھری‘ کا کامیاب تجربہ
یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں بحری مشق ’رباط‘ کے دوران پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے لانگ رینج اینٹی شپ میزائل کی فائرنگ کا کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔
پاک بحریہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے پی این ایس نصر سے میزائلوں کی فائرنگ کا مظاہرہ دیکھا جسے آپریشنل صلاحتیوں میں اہم کامیابی قرار دیا گیا۔