لائف اسٹائل

معاشرے کی فرسودہ سوچ کے برخلاف چلنے والی 'موٹرسائیکل گرل'

زینتھ عرفان کی زندگی پر مبنی 'موٹرسائیکل گرل' کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا جس میں مرکزی کردار سوہائے علی ابڑو نے ادا کیا۔

کیا آپ نے کبھی کسی لڑکی کو موٹرسائیکل پر دفتر جاتے دیکھا ہے ؟ یاکوئی لڑکی پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیر کے لیے اس سواری کا انتخاب کرسکتی ہے؟

درحقیقت ایسی ایک لڑکی 20 سالہ زینتھ عرفان ہیں، جن کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ وہ پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنھوں نے اکیلے ملک کے شمالی علاقہ جات کی سیر موٹرسائیکل پر کی۔

اور اب ان کی زندگی سے متاثر فلم 'موٹرسائیکل گرل' کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے جس میں سوہائے علی ابڑو مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔

مزید پڑھیں : سوہائے علی ابڑو ’موٹر سائیکل گرل‘ بن گئیں

یہ ڈائریکٹر عدنان سرور کی فلم 'شاہ' کے بعد دوسری کاوش ہے۔

ٹریلر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح سوہائے علی ابڑو معاشرتی سوچ کے برخلاف جاتے ہوئے اپنے دفتر جاتی ہیں، جس کی وجہ ٹرانسپوٹ کی مشکلات ہوتی ہیں۔

اور پھر جب انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کے والد خنجراب تک موٹرسائیکل پر جانا چاہتے تھے، تو وہ اسے تعبیر دینے کا فیصلہ کرتی ہیں۔

ایسا نظر آتا ہے کہ عدنان سرور نے ہر ممکن حد تک فلم کی کہانی کو زینتھ عرفان کی زندگی کے قریب رکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی 20سالہ زینتھ پر بنے گی فلم

اس فلم میں سوہائے علی ابڑو کے ساتھ ثمینہ پیرزادہ اور سرمد کھوسٹ بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔

یہ فلم 20 اپریل کو ریلیز کی جارہی ہے۔

خیال رہے کہ زینتھ عرفان نے موٹرسائیکل پر کیے گئے اپنے سفر کو ون گرل ٹو ویلز میں شیئر کیا، ان کے اس بلاگ کو سی این این اور نیویارک ٹائمز نے بھی شائع کیا، جس کے بعد انہیں عالمی سطح پر شہرت ملی۔

اس فلم کے حوالے سے ڈائریکٹر عدنان سرور نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ زینتھ کی کہانی ان کے لیے بہت خاص ہے، کیونکہ اس نے وہ کام کردکھایا جو سب کے بس کی بات نہیں۔