ہیواوے کے آئی فون سے بھی مہنگے فونز متعارف
چینی کمپنی ہیواوے نے اپنے نئے فلیگ شپ فونز متعارف کرا دیئے ہیں اور وہ یقیناً آپ کو دنگ کردیں گے۔
پیرس میں ایک ایونٹ کے دوران کمپنی نے نئے فلیگ شپ فونز پی 20 اور پی 20 پرو متعارف کرائے (اس سیریز کا تیسرا فون پی 20 لائٹ کو ایک ہفتے پہلے چین میں پیش کیا گیا تھا) جبکہ پورشے ڈیزائن میٹ آر ایس کو بھی پیش کیا گیا۔
اس بار کمپنی نے ایک مقصد بھی طے کیا تھا اور وہ دیگر کمپنیوں کے اسمارٹ فون کیمروں کو بہت زیادہ ریزولوشن سے کچل دینا۔
مزید پڑھیں : ہیواوے کا اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس پہلا فلیگ شپ فون
نئی ڈیوائسز میں سب سے خاص 6.1 انچ کا پی 20 پرو ہے جس میں 24 میگا پکسل سیلفی کیمرہ جبکہ بیک پر 3 کیمرے دیئے ہیں۔
خاص بات یہ ہے کہ ان 3 میں سے ایک کیمرہ 40 میگاپکسل کے آر جی بی سنسر کے ساتھ ہے جبکہ ایک 20 میگا پکسل مونوکروم سنسر اور تیسرا 8 میگا پکسل سنسر کے ساتھ ہے جس میں ٹیلی فوٹو لینس اور 3x آپٹیکل زوم (5x ہائیبرڈ زوم) دیا گیا ہے۔
ان تینوں کیمروں میں بالترتیب ایف 1.8، ایف 1.6 اور ایف 2.4 آپرچرز دیئے گئے ہیں جبکہ کمپنی کا اپنا اے آئی سسٹم بھی موجود ہے۔
اس کا 40 میگا پکسل کیمرہ آئی فون ایکس کے 12 میگا پکسل امیج سنسر سے 223 فیصد بڑا جبکہ گلیکسی ایس نائن کے 12 میگا پکسل کیمرہ سنسر سے 170 فیصد بڑا ہے، کمپنی کو توقع ہے کہ اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی امیج اسٹیبلائزیشن، فاسٹ پری ڈیکٹیو فوکس اور ڈیڈیکیٹڈ آئی ایس پی چپ کی بدولت دیگر کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دے گی۔
یہ فون ایس نائن اور ایس نائن پلس کی طرح 960 فریم فی سیکنڈ پر سلوموشن ویڈیو 720p ایچ ڈی ریزولوشن میں ریکارڈ کرسکتا ہے۔
اور ہاں اگر انٹرنیٹ اسپیڈ بہت اچھی ہو تو اس میں 1.2 جی بی فی سیکنڈ کی رفتار سے چیزیں ڈاﺅن لوڈ کرنا بھی ممکن ہے، یعنی ایک منٹ میں عام کوالٹی کی درجنوں فلمیں بھی ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہیں۔