ماہرہ خان کی رومانوی کہانی ’پرے ہٹ لو‘
فلم میں 33 سالہ ماہرہ خان 29 سالہ شہریار منور سے اتفاقی طور پر پیار کرنے لگتی ہیں۔
لولی وڈ سپر اسٹار اداکارہ ماہرہ خان جلد ہی ایک نئی رومانٹک کامیڈی فلم میں نوجوان اداکار شہریار منور سے رومانس کرتی نظر آئیں گی۔
’پرے ہٹ لو‘ کی ہدایات معروف ڈرامے ’ہو من جہاں‘ کے ہدایت کار عاصم رضا دیں گے، جس کی کہانی اتفاقی طور پر پیار کرنے والے لڑکے اور لڑکی کے گرد گھومتی ہے۔
فلم کے حوالے سے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے عاصم رضا نے اپنے ڈرامے ’ہو من جہاں‘ کی شاندارکامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناظرین کو ’پرے ہٹ لو‘ میں بھی شاندار کہانی دیکھنے کو ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پرے ہٹ لو‘ کی تیاری کے لیے انہوں نے پروڈکشن ٹیم سے لے کر اداکاری تک نوجوانوں کو منتخب کیا ہے، تاکہ فلم کے ذریعے دیے جانے والے پیغام کو ناظرین تک بہترین اور بھرپور انداز میں پہنچایا جاسکے۔