پاکستانی فلم ’کیک‘ نے ایشن فلم فیسٹیول میں ایوارڈ جیت لیا
ایک خاندان کے تنازعات کے گرد گھومتی کہانی پر مبنی رومانٹک، کامیڈی و فیملی فلم کو رواں ماہ 30 مارچ کو ریلیز کیا جائے گا۔
لولی وڈ فیملی فلم ’کیک‘ نے لندن میں ہونے والے20 ویں یوکے ایشین فلم فیسٹیول میں بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
خیال رہے کہ ’یو کے ایشین‘ فلم فیسٹیول کا آغاز رواں ماہ 14 مارچ سے ہوا، میلے کے دوران ’کیک‘ کی خصوصی اسکریننگ بھی کی گئی۔
’کیک‘ کا عالمی پریمیئر بھی لندن میں کیا گیا، جب کہ فلم کی کاسٹ نے خصوصی طور پر ’یوکے ایشن فلم فیسٹیول‘ میں شرکت کی۔
فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلم ’ورنہ‘ کی خصوصی نمائش بھی کی گئی، جب کہ فلم کی مرکزی اداکارہ ماہرہ خان کو بھی میلے کے دوران ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
اب اسی فلم فیسٹیول میں ’کیک‘ کے ذریعے ہدایت کاری کے کیریئر کی شروعات کرنے والے ڈائریکٹر عاصم عباسی کو بہترین ڈائریکٹر کا ایوارڈ دیا گیا۔