’شیخ رشید کا جوڈیشل مارشل لا کا مطالبہ غیر جمہوری، غیر آئینی ہے‘
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر جاوید عباسی کا شیخ رشید کے جوڈیشل مارشل لاء کے مطالبے پر کہنا تھا کہ ان کا موقف غیر جمہوری اور غیر آئینی ہے کیونکہ کوئی بھی شخص چاہے کسی بھی جماعت کا سربراہ ہی کیوں نہ ہو اور وہ جمہوریت کے خلاف بات کرے تو وہ کسی طور پر جائز و منظور نہیں۔
ڈان نیوز کے پروگرام 'دوسرا رخ' میں بات کرتے ہوئے سینیٹر جاوید عباسی نے کہا کہ 'سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بلکل ٹھیک بات کی کہ نگراں وزیر اعظم کے معاملے پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے مشاورت نہیں ہوسکتی، کیونکہ یہ ایک آئینی معاملہ ہے جس کے مطابق جب بھی نگراں حکومت بنے گی تو قائد حزب اختلاف اور قائد ایوان مل بیٹھ کر نام تجویز کریں گے اور اگر وہ ایسا نہ کر سکے تو پھر یہ معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائے گا، لہٰذا اس معاملے پر کہیں بھی جماعتوں کی آپس میں مشاورت نہیں ہوتی۔‘
مزید پڑھیں: ’نگراں وزیر اعظم کے لیے پیپلز پارٹی سے مشاورت نہیں ہوسکتی’
مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے اس بیان پر کہ 'آئین کی بالادستی کی خاطر سب کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں'، جاوید عباسی نے کہا کہ نواز شریف نے یہ مطالبہ پہلی بار نہیں کیا بلکہ پاناما کیس فیصلے کے تیسرے دن سے انہوں متعدد بار کہا ہے کہ ہم نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے، چناچہ ملک کے تمام ادارے آپس میں مل بیٹھ کر بات کریں خصوصاً وہ ادارے جنہیں آئین نے اختیار دیا ہو۔‘