ہر چند ماہ بعد موسم کیوں بدلتا ہے؟
اگر آپ زمین کے شمالی نصف کرّہ پر رہتے ہیں تو ہوسکتا ہے کہ آپ نے اس بات پر غور کیا ہو یا نہ کیا ہو کہ کچھ ماہ پہلے دوپہر 12 بجے آسمان میں سورج کی اونچائی آج کل کی نسبت کم تھی۔
اس کے علاوہ یہ بھی غور طلب بات ہے کہ اونچائی میں اضافے کے ساتھ ہی گرمی بڑھنے لگی ہے جو کہ موسمِ گرما کے آنے کی نوید سنا رہا ہے۔ لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ یہ اونچائی میں کمی یا اضافہ کیوں ہوتا ہے؟
بظاہر تو ہمیں یہ لگتا ہے کہ سورج بذاتِ خود اونچائی پر جاتا ہے لیکن اس کی اصل وجہ زمین کا سورج کے گرد چکر لگانا اور اس کا سورج کی طرف محوری جھکاؤ ہے۔
زمین کا محور انٹی کلوک وائز زاویے (گھڑی کی سوئی گھومنے کے مخالف زاویے) پر جُھکا ہوا ہے۔ اسی جھکاؤ کی وجہ سے زمین پر موسم وجود میں آئے ہیں۔ اگر یہ محوری جھکاؤ نہ ہوتا تو پورا سال زمین کے قطبین پر سردی اور خط استوا پر شدید گرمی رہتی۔
جب زمین اپنے مدار میں اس مقام پر ہوتی ہے کہ شمالی نصف کرّہ کا سورج کی طرف جھکاؤ زیادہ ہو، تو اس حصّے میں دن کا دورانیہ بھی زیادہ ہوگا اور راتیں چھوٹی ہوں گی۔
اس وجہ سے یہ حصّہ 24 گھنٹوں میں سے زیادہ وقت سورج کی روشنی کی وجہ سے گرم رہے گا، لیکن رات میں اس کو اتنا وقت نہیں ملے گا کہ وہ واپس اپنے عمومی درجہ حرارت پر آ سکے، جس کی وجہ سے اس حصّے میں رہنے والے لوگ موسمِ گرما سے لطف اندوز ہوں گے۔
شمالی نصف کرّہ میں سب سے لمبا دن اور سب سے چھوٹی رات 21 یا 22 جون کو ہوتی ہے۔ اس دن زمین کی اس حالت کو فلکیاتی اصطلاح میں "سَمر سُولسٹائس یا راس السرطان" کہتے ہیں۔
ان مہینوں میں دن کے وقت سورج یہاں کے باشدوں کے سر کے عین اوپر ہوتا ہے۔
اب آپ سوچ رہے ہوں گے کہ ان مہینوں میں جنوبی نصف کرّہ میں بھی گرمی ہی ہوگی تو ایسا ہرگز نہیں ہے۔ جنوبی نصف کرّہ میں تمام موسم شمالی نصف کرّہ سے الٹ ہوتے ہیں۔ یعنی اگر شمالی نصف کرّہ میں اپریل سے ستمبر کے مہینے تک موسم گرما ہوتا ہے اور انہی مہینوں میں جنوبی نصف کرّہ شدید سردی کی لپیٹ میں ہوتا ہے۔