کھیل

پی ایس ایل: کھلاڑیوں کی جانب سے پشاور، کوئٹہ مقابلہ بہترین میچ قرار

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کی اتنی بڑی تعداد کی وجہ سے ہی ہم پی ایس ایل پاکستان میں چاہتے ہیں، جنید خان کا تبصرہ

لاہور: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے پلے آف مرحلے میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلے گئے ایلیمنیٹر 1 مقابلے نے نہ صرف شائقینِ کرکٹ بلکہ کھلاڑیوں اور سیاسی شخصیات کو بھی تبصرہ کیے بغیر رہنے نہیں دیا۔

گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک اعصاب شکن مقابلے کے بعد ایک رنز سے شکست دے کر ایلیمنیٹر 2 کے کوالیفائی کیا۔

اس دلچسپ مقابلے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اس کے تبصرے سامنے آنا شروع ہوئے جہاں لوگوں نے اسے پی ایس یل کی تاریخ کا بہترین میچ قرار دیا۔

کہیں کسی نے انور علی کو میچ کا ہیرو قرار دیا تو کہیں میچ کو سپر اوور میں لے جانے کی کوشش نہ کرنے اور صرف 2 رنز نہ لینے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔

ادھر کھلاڑی اور سیاسی شخصیات بھی اس میچ کے سحر میں آنے سے بچ نہ سکے۔

ملتان سلطانز کے فاسٹ باؤلر جنید خان نے ایلیمنیٹر 1 کو ایک بہترین میچ قرار دیا، جبکہ انہوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور انور علی کی جانب سے میچ میں زبردست مزاحمت کی بھی تعریف کی۔

جنید خان کا کہنا تھا کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شائقین کی اتنی بڑی تعداد کی وجہ سے ہی ہم پی ایس ایل پاکستان میں چاہتے ہیں۔

کراچی کنگز کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے بھی اس میچ کو اپنا پسندیدہ میچ قرار دیتے ہوئے کہا ’یہ ہے پی ایس ایل‘۔

ملتان سلطانز کے ایک اور فاسٹ باؤلر سہیل تنویر نے بھی اس میچ کو ایک ناقابلِ یقین مقابلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ لاہور کے شائقین کو اتنی بڑی تعداد میں میچ دیکھنے کے لیے آنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔

پشاور زلمی کے بیٹسمین محمد حفیظ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں اس میچ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہمیشہ ہی کانٹے کا مقابلہ ہوتا ہے۔

محمد حفیظ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے پیش کیے جانے والے کھیل کی بھی تعریف کی۔

کھلاڑیوں کے علاوہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی اس میچ کو کرکٹ کا ایک بہترین میچ قرار دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کردہ پیغام میں پشاور زلمی کو میچ جیتنے پر مبارکبار دی گئی، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی عمدہ کارکردگی کو بھی سراہا۔