لائف اسٹائل

’خدا ہم سب سے بات کرتا ہے‘عرفان خان کی دوران علاج جذباتی پوسٹ

بولی وڈ ورسٹائل اداکار علاج کے لیے ہندوستان سے برطانیہ منتقل ہوگئے۔

بولی وڈ ورسٹائل اداکار عرفان خان نے رواں ماہ 5 مارچ کو ٹوئیٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کو آگاہ کیا تھا کہ انہیں خطرناک مرض لاحق ہوگیا ہے۔

اداکار نے اپنے مداحوں سے دعاؤں کی التجا کرتے ہوئے چہ مگوئیاں نہ کرنے کی گزارش بھی کی تھی اور ساتھ ہی وعدہ کیا تھا کہ وہ اپنی بیماری سے متعلق خود ہی آگاہ کریں گے۔

چار دن قبل ہی عرفان خان کی بیماری کی تشخص ہوگئی تھی، انہیں ’ نیورو اینڈوکرائن ٹیومر‘ نامی مرض لاحق ہوگیا تھا۔

اس بات کا اعلان بھی انہوں نے اپنی ٹوئیٹ کے ذریعے کیا، تاہم اداکار نے اپنی بیماری کی سطح نہیں بتائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عرفان خان کو خطرناک مرض لاحق ہوگیا

بعد ازاں خبریں آئیں کہ عرفان خان علاج کے لیے بیرون ملک جائیں گے، خیال کیا جا رہا تھا کہ وہ علاج کے لیے امریکا جائیں گے۔

تاہم اب اداکار نے ایک نئی پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ علاج کے لیے امریکا نہیں بلکہ برطانیہ میں موجود ہیں۔

برطانیہ میں دوران علاج انہوں نے اپنی ایک شیڈو تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے انتہائی جذباتی الفاظ لکھے۔

عرفان خان نے اپنی پوسٹ میں آسٹرین ناول نگار اور شاعر رائنر ماریہ رلکے کی انتہائی جذباتی نظم لکھی کہ’خدا ہم سب سے بات کرتا ہے، جیسا کہ وہ ہم سب کو بناتا ہے، پھر رات کی تاریکی میں خاموشی سے وہ ہمارے ساتھ چلتا ہے، اور ہم اس سفر میں کچھ الفاظ آہستہ آہستہ سن لیتے ہیں‘۔

مزید پڑھیں: عرفان خان میں 'خطرناک بیماری' کی تشخیص ہوگئی

اداکار نے لکھا کہ ’یہاں کچھ بھی مستحکم و مضبوط نہیں، تاہم خود کو کبھی شکست خوردہ نہ سمجھو اور آگے بڑھتے رہو، یہاں خوبصورتی بھی ہے، دہشت بھی ہے، یہاں ایک شعلے کی طرح زندگی گزارو اور چمکنا سیکھو‘۔

انہوں نے یہ پوسٹ برطانوی دارالحکومت لندن کے معروف ہوٹل ’دی ڈورسچر‘ سے شیئر کی۔