پاکستان

رائیونڈ دھماکا: شہباز شریف کا شہید اہلکار کے اہلخانہ کو سوا کروڑ روپےکا چیک

وزیراعلیٰ پنجاب نےاہل خانہ کو مفت گھر، صحت سہولیات، بیٹے کو سرکاری ملازمت اور شہید کی تنخواہ جاری رکھنےکا بھی اعلان کیا۔
|

لکھووال: وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف رائیونڈ دھماکے میں شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر محمد اسلم کی رہائش گاہ لکھووال پہنچے جہاں انہوں نے شہید کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور انہیں ایک کروڑ 25 لاکھ مالیت کا امدادی چیک بھی دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب پولیس کے شہید سب انسپکٹر محمد اسلم کے والدین، ان کی بیوہ، بچوں اور دیگر اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے شہید سب انسپکٹر کی درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی۔

اس دوران مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب صدر نے شہید پولیس اہکار کے گھر والوں کو ایک کروڑ 25 لاکھ روہے کا امداد چیک بھی دیا۔

اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے محمد اسلم کے اہلخانہ کو یقین دہانی کروائی کہ شہید پولیس انسپکٹر کے بچوں کی تعلیم کے اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔

مزید پڑھیں: رائے ونڈ بم دھماکا: پنجاب اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع، قرارداد بھی منظور

انہوں نے کہا کہ ’شہید محمد اسلم کے بچے جتنا بھی پڑھنا چاہیں، ان کے تعلیمی اخراجات ہماری ذمہ داری ہے‘۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے شہید سب انسپکٹر محمد اسلم کے اہل خانہ کو مفت گھر دینے، علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم کرنے، بیٹے کو سرکاری ملازمت دینے اور شہید کی تنخواہ کو باقاعدگی سے جاری رکھنے کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پولیس کے شہداء پوری قوم کے ہیرو اور محسن ہیں، اور ہم ان کے اہلخانہ کی ہرممکن دیکھ بھال کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہید محمد اسلم نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے اور قوم اس عظیم قربانی کو کبھی نہیں بھولے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہید ہونے والے پولیس اہلکار ہمارا فکر ہیں اور ہمیں اپنے بچوں کی عظیم قربانیوں پر فخر ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہادت جیسے عظیم رتبے کا کوئی مول نہیں، شہید کی موت قوم کی حیات ہے اور ہمارا ایمان ہے کہ شہید زندہ ہوتے ہیں۔

انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی جنگ ہے، اور یہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کے پیاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اور قوم اپنے ایک ایک شہید کے خون کے قطرے کا حساب لے گی۔

یاد رہے کہ 14 مارچ کو لاہور کے علاقے رائیونڈ کے تبلیغی اجتماع گاہ میں پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 9 افراد شہید اور 20 زخمی ہوگئے تھے۔