پنجاب: اسکولوں میں بچوں کی ڈانس پرفارمنس پر پابندی
پنجاب کے محکمہ اسکول تعلیم (پی ایس ای ڈی) نے صوبے کے تمام نجی و سرکاری اسکولوں میں بچوں کی ڈانس پرفارمنس پر پابندی عائد کردی۔
پی ایس ای ڈی کے چیف ایگزیکٹو افسر زاہد بشیر گورائیہ نے ڈان نیوز کو بتایا کہ اسکولوں میں منعقد کی جانے والی تقریبات تقسیم انعامات، پیرنٹس ڈے، ٹیچرز ڈے، مینا بازار اور دیگر میں بچوں سے ڈانس کروانے پر پابندی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کسی تقریب میں بچوں کو ڈانس کی اجازت دیتے یا زبردستی ڈانس کروانے پر متعلقہ اسکول کا لائسنس معطل کر دیا جائے گا۔
زاہد بشیر گورائیہ کا کہنا تھا کہ محکمہ اسکول تعلیم کو بچوں سے اسکولوں میں پاکستانی اور بھارتی گانوں پر ڈانس کرانے کی شکایات موصول ہوئی تھیں، جس کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ پابندی سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بچوں سے جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافے کے بعد چند ناقدین کے خیال میں بچوں سے ڈانس کروانے کے باعث ان سے زیادتی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔
سال 2016 میں سندھ میں بھی صوبائی اسمبلی کے ذریعے اسکولوں میں بچوں کی ڈانس پرفارمنس اور کلاسز پر پابندی کی کوشش کی گئی تھی۔
تاہم وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یہ کہتے ہوئے اس پابندی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا تھا کہ صوبائی حکومت آئین پاکستان کے مطابق ثقافت اور ورثے کو برقرار رکھنے اور فروغ دینے پر یقین رکھتی ہے۔