کھیل

ربادا پر آئی سی سی کی پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا

آئی سی سی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا پر لیول ٹو کا چارج لگا دیا۔

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کگیسوربادا پر لیول ٹو کا چارج لگا دیا ہے جس کے بعد ان کی آسٹریلیا کے خلاف رواں ٹیسٹ سیریز کے آخری دو میچز میں شرکت خطرے میں پڑ گئی۔

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ربادا نے کینگروز قائد اسٹیون اسمتھ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرنے کے بعد جارحانہ جشن مناتے ہوئے انہیں کندھا مارا اور جارحانہ رویہ بھی اختیار کیا۔

اس پر آن فیلڈ امپائرز کرس گفانے اور کمار دھرماسینا نے ربادا کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہراتے ہوئے ان پر آئی سی سی لیول ٹو چارج عائد کر دیا تاہم جنوبی افریقن مینجمنٹ نے چارج کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا۔

سماعت ہارنے کی صورت میں ربادا کینگروز کے خلاف رواں ٹیسٹ سیریز کے آخری دو میچز سے باہر ہو جائیں گے کیونکہ مختلف واقعات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی وجہ سے ان کے حصے میں پہلے ہی 5 ڈی میرٹ پوائنٹس شامل ہیں۔

میچ ریفری جیف کرو آج اتوار کو میچ کے تیسرے روز سماعت کریں گے اور ممکنہ طور پر سماعت ہارنے پر ان پر ایک ٹیسٹ میچ کی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔