براک اوباما اور ان کی اہلیہ نے نیا روزگار ڈھونڈ لیا
سابق امریکی صدر اور ان کی اہلیہ وائیٹ ہاؤس سے باہر ہونے کے بعد بے روزگار تھے۔
سابق امریکی صدر براک اوباما اور ان کی اہلیہ مشعل اوباما نے وائیٹ ہاؤس سے نکلنے کے ایک سال بعد ایک نیا روزگار ڈھونڈ لیا۔
اگرچہ رواں برس مشعل اوباما کی یاداداشتوں پر مبنی کتاب بھی شائع ہوگی، تاہم امریکا میں وسط مدتی انتخابات اور کتاب کی اشاعت سے قبل ہی دونوں میاں بیوی نے ایک نیا کام ڈھونڈ لیا۔
اطلاعات ہیں کہ سابق امریکی صدر براک اوباما اور ان کی اہلیہ مشعل اوباما معروف انٹرنیٹ انٹرٹینمنٹ سروس ’نیٹ فلیکس‘ کے شوز کو تیار کریں گے۔
جی ہاں، خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق براک اوباما اور ان کی اہلیہ نیٹ فلیکس کے لیے ٹاک اور ریئلٹی شوز تیار کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: آج کل براک اوباما کیا کر رہے ہیں؟
خبر رساں ادارے نے اپنی خبر میں نیویارک ٹائمز کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ جلد ہی سابق امریکی صدر اپنی اہلیہ سمیت نیٹ فلیکس کے لیے شوز پروڈیوس کرتے نظر آئیں گے۔