لائف اسٹائل

شوہر کی بیماری پر عرفان خان کی اہلیہ کی وضاحت

پانچ دن قبل اداکار نے اپنی ایک ٹوئیٹ کے ذریعے انکشاف کیا تھا کہ انہیں خطرناک مرض لاحق ہوگیا ہے۔

بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان نے 5 دن قبل اپنے مداحوں کو بری خبر سے آگاہ کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ انہیں خطرناک مرض لاحق ہوگیا ہے۔

اداکار نے اپنے مداحوں اور دوستوں سے دعا کی گزارش کرتے ہوئے لوگوں سے قیاس آرائیاں نہ کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔

عرفان خان نے واضح کیا تھا کہ اگرچہ انہیں خطرناک مرض لاحق ہوگیا ہے، تاہم فی الحال حتمی طور پر یہ پتہ نہیں چلا کہ انہیں کیا مرض لاحق ہوا ہے۔

51 سالہ عرفان خان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی انہیں پتہ چلے گا وہ سب سے پہلے اپنے مداحوں کو اس حوالے سے آگاہ کریں گے۔

تاہم اداکار کی وضاحت سے قبل ہی عرفان خان کی بیماری سے متعلق چہ مگوئیاں ہونے لگیں، جس سے یقینا وہ اور ان کا خاندان پریشان ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: عرفان خان کو خطرناک مرض لاحق ہوگیا

قیاس آرائیوں اور افواہوں کا جواب دینے کے لیے اس بارعرفان کی اہلیہ اور فلم پروڈیوسرستوپا سکدار کو خاموشی توڑنی پڑی اور انہوں نے اپنے شوہر کی بیماری سے متعلق وضاحت کردی۔

—فوٹو: ایشین ایج

اپنی فیس بک پوسٹ میں عرفان خان کیا ہلیہ ستوپا سکدار نے بتایا کہ تاحال ان کے شوہر کے مرض کا حتمی پتہ نہیں چلا اور لوگوں کو قیاس آرائیوں پر اپنی توانائی خرچ کرنے کے بجائے خوشحال زندگی کے گیت گانے چاہئیے۔

ستوپا سکدار نے اپنی پوسٹ میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کے شوہر کی صحت یابی کے لیے دعا کی، ساتھ ہی انہوں نے مزید دعاؤں کی گزارش بھی کی۔

اداکار کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر اس وقت مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں، جس وجہ سے وہ بھی مشکلات میں ہیں، تاہم لوگوں کو اداکار کی بیماری سے متعلق چہ مگوئیاں کرنے کے بجائے صبر کرنا چاہئیے۔

ستوپا سکدار نے بھی عرفان خان کو لاحق ہونے والے مرض سے متعلق حتمی اور تصدیقی طور پر کچھ بھی نہیں بتایا، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ بھی اپنے خاندان سمیت جلد ہی زندگی کی خوشیوں کے گیتوں میں شامل ہوں گی۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر اداکار کی بیماری سے متعلق قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ ممکنہ طور پر انہیں کینسر کا مرض لاحق ہوگیا ہے، تاہم اس حوالے سے کسی بھی ذرائع نے کوئی تصدیق نہیں کی۔

—فوٹو: ستوپا سکدار فیس بک