پیپلز پارٹی سے مطمئن ہوں اسی لیے شمولیت اختیار کی، ہیر سوہو
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت اختیار کرنے والی ہیر سوہو نے کہا ہے کہ میں پیپلز پارٹی سے مطمئن ہوں اور اسی لیے اس میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔
کراچی میں پی پی پی کی اہم رہنما فریال تالپور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے رکنِ سندھ اسمبلی ہیر سوہو نے پیپلز پارٹی میں میں شمولیت کا باقائدہ اعلان کیا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں بہت کچھ کر سکتی ہے، بہت کچھ لے سکتی تھی لیکن ایسا کچھ نہیں کیا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نے کبھی بھی کسی کے خلاف منفی انداز میں تنقید نہیں کی اور سندھ اسمبلی کے فلور کو استعمال کرتے ہوئے ہمیشہ مثبت تنقید کی‘۔
مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کی رکنِ سندھ اسمبلی ہیر سوہو پیپلز پارٹی میں شامل
رکنِ صوبائی اسمبلی نے کہا کہ کہیں بھی کسی بھی حوالے سے کرپشن یا کوئی غلط عمل ہوتے دیکھا تو اس کی مثبت انداز میں اس کی نشاندہی کی اور اس پر تنقید بھی کی۔
ہیر سوہو نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کی اعلیٰ قیادت کو کبھی بھی تنقید نشانہ نہیں بنایا، اور ہمیشہ مثبت سیاست کی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک سمندر ہے اور وہ اس سمندر میں آگئی ہیں، اور یہاں آنے سے قبل اسمبلی کی رکنیت حاصل کرنے کے حوالے سے نہیں سوچا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی رکنیت کا فیصلہ ہمیشہ پارٹی قیادت کا ہوتا ہے اور مجھے پیپلز پارٹی کی قیادت پر ہمیشہ سے اعتماد ہے۔
رکنِ سندھ اسمبلی نے کہا کہ وہ اس وقت ایک کارکن کی حیثیت سے پارٹی میں شامل ہوئی ہیں باقی مستقبل کے بارے میں وقت سب کچھ سمجھا دے گا۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا انہوں نے پیسوں کی چمک کی وجہ سے پی پی پی میں شمولیت اختیار کی تو ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص سمجھ بوجھ رکھتا ہے کہ اور میں نے سوچھ سمجھ کر ہی یہ فیصلہ کیا ہے۔
رکنِ سندھ اسمبلی نے یہ بھی بتایا کہ وہ صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دے دیں گی۔
پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے ہیر سوہو کی پارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل ایم کیو ایم پاکستان کے ٹکٹ پر خواتین کی مخصوص نشست پر رکنِ اسمبلی منتخب ہونے والی ہیر سوہو نے ذرائع ابلاغ میں بات کرتے ہوئے عندیہ دیا تھا کہ انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی جس کا باقاعدہ اعلان بعد میں کریں گی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ جس دن انہوں نے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس میں عشائیے میں شرکت کی تھی اسی روز انہوں نے پی پی پی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔