ایسا نہیں لگتا کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے پی پی پی سے الحاق ہو،شفقت محمود
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی شفقت محمود نے کہا کہ ایسا نہیں لگتا کہ ہم چئیرمین سینٹ کے انتخاب کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے کسی قسم کا الحاق کریں گے جبکہ اس حوالے ہماری کوئی پارٹی مشاورت نہیں ہوئی۔
ڈان نیوز کے پروگرام ’نیوز آئی‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ ذاتی حیثیت میں رضا ربانی چئیرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے قابلِ قبول شخصیت ہیں لیکن حتمی فیصلہ پارٹی کرے گی۔
مزید پڑھیں: مجھے چیف جسٹس کے قسم کھانے پر تشویش ہے، فرحت اللہ بابر
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے ترجمان اور نومنتخب سینیٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ چئیرمین سینیٹ کے معاملے پر نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) کی اعلیٰ قیادت کے درمیان مشاورت کا عمل جاری ہے۔
ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یقیناً اس وقت مسلم لیگ (ن) سینیٹ میں اکثریتی جماعت ہے لیکن اس کے باوجود ہم نے صوبہ بلوچستان میں جو ہوا وہ بھی دیکھا ہے جہاں مسلم لیگ(ن) کی حکومت تھی جو راتوں رات تبدیل ہوگئی لیکن اب دیکھنا یہ ہے کہ اگلے چند روز میں اور کیا کچھ تبدیل ہوسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: رضا ربانی نے بطور چیئرمین سینیٹ 78 احکامات جاری کیے