پاکستان

ہم سےماضی میں غلطیاں ہوئیں جن کی بھاری قیمت ادا کی، وزیرخارجہ

امریکااور ہمارے درمیان اعتماد کافقدان ہے لیکن ہم امریکا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، خواجہ آصف

وزیر خارجہ خواجہ آصف نے نے ماضی میں ہونے والی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان جنگ میں امریکا کی مدد کی اور ہمارے ملک کی مدد کے بغیر یہ جنگ نہیں جیتی جا سکتی جبکہ ہم افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری چاہتے ہیں۔

اے پی پی کے مطابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں بہت زیادہ قربانیاں دی ہیں اور ملک سے بڑی حد تک دہشت گردی کا خاتمہ بھی کیا جا چکا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایک اسٹریٹجک مقام کی وجہ سے امریکا ابھی بھی ہمارے ملک کو استعمال کر رہا ہے۔

امریکا کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان ضرور ہے لیکن ہم امریکا کے ساتھ برابری کی بنیاد پر اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔

وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ کہ ہم سے ماضی میں غلطیاں ہوئی ہیں جن کی ہم نے بھاری قیمت بھی ادا کی ہے لیکن اب ملکی قومی مفاد اور وقار پر پاکستان کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ موثر خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کے روس کے ساتھ تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے جوہمارے لیے خوش آئند بات ہے۔

مزید پڑھیں:روسی وزیر خارجہ سے ملاقات نتیجہ خیز رہی: خواجہ آصف

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی فہرست میں پاکستان کے نام سے متعلق بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملک کو اس فہرست سے باہر نکالنے کے لیے تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے بلکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور میں بھی پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے اور بلیک لسٹ میں رہا ہے۔

سینیٹ کے حالیہ انتخابات پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکن نواز شریف کے ساتھ وفادار ہیں اور جن امیدواروں نے سینیٹ انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا تھا ان میں سے کوئی بھی اپنی جماعت کو نہیں چھوڑ رہا۔

یہ بھی پڑھیں:ایف اے ٹی ایف:’گرے لسٹ‘ میں پاکستان کا نام جون میں آئے گا، حکام کی تصدیق

وزیر خارجہ نے مسلم لیگ (ن) کی ضمنی انتخاب میں کامیابیوں کو پارٹی کی مقبولیت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی لودھراں، چکوال، سرگودھا اور دیگر ضمنی انتخابات کے نتائج سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کو دیکھ سکتا ہے۔

نواز شریف کی پارٹی صدارت سے نااہلی کے بعد پارٹی صدر منتخب کیے گئے تھے شہباز شریف کی وزارت عظمیٰ کے لیے نامزدگی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مسلم لیگ (ن) کے لیے بہت جدوجہد کی اور بے پناہ قربانیاں بھی دی ہیں اور ان کی متحرک قیادت میں صوبہ پنجاب نے ریکارڈ ترقی کی ہے۔

مریم نواز کے حوالے سے ایک سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مستقبل ہیں۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے انتخابی اصلاحاتی ایکٹ میں نااہل شخص کی پارٹی صدارت کی شق کو کالعدم قرار دینے کے بعد نواز شریف کی جگہ شہباز شریف کو مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب کیا گیا تھا۔