ون بیلٹ ون روڈ : 21ویں صدی کا سب سے بڑا منصوبہ؟
پاک چین اقتصادی راہداری اسی منصوبے کا ایک حصہ ہے، چین تو پوری دنیا کو اپنی معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کا خواہش مند ہے۔
پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی-پیک) پر کام بہت تیزی سے جاری ہے، ساتھ ہی ساتھ یہ توقع بھی کی جا رہی ہے کہ اس کے نتیجے میں معاشی انقلاب برپا ہو سکتا ہے۔
سی پیک کے حوالے سے پاکستانی جہاں بہت امیدیں وابستہ کیے ہوئے ہیں، وہیں کئی عالمی طاقتوں سمیت ہندوستان بھی اس کے خلاف سرگرم نظر آتا ہے.
مزید پڑھیں : پاک چین اقتصادی راہداری کا ماسٹر پلان کیا ہے؟
پاکستان کی نظر میں چاہے یہ کتنا ہی بڑا منصوبہ کیوں نہ ہو مگر چین کی منصوبہ بندی میں یہ بہت چھوٹا پروجیکٹ کہا جا سکتا ہے، کیونکہ وہ تو پوری دنیا کو اپنی معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کا خواہش مند ہے۔
چین اس وقت رواں صدی کے سب سے بڑے منصوبے پر کام کر رہا ہے، جس کے تحت ایشیا، افریقہ، یورپ سمیت دنیا کے 70 ممالک کو وہ ریل کے نظام، بحری اور زمینی راستوں سے جوڑ دینا چاہتا ہے۔