سائنس و ٹیکنالوجی

انسٹاگرام میں آڈیو اور ویڈیو کال سامنے آنے کا امکان

انسٹاگرام میں جلد وائس اور ویڈیو کالز کا فیچر متعارف کرایا جاسکتا ہے اور اس طرح یہ ایپ میسجنگ ایپس کے مدمقابل آجائے گی۔

اسکائپ، واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر ایسی ہی دیگر ایپس کے لیے اب انسٹاگرام (واٹس ایپ، میسنجر اور انسٹاگرام تینوں فیس بک کی اپنی ایپس ہیں)کی شکل میں ایک سخت حریف سامنے آنے والا ہے۔

جی ہاں اب انسٹاگرام میں بہت جلد وائس اور ویڈیو کالز کا فیچر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے اور اس طرح یہ فوٹو شیئرنگ ایپ براہ راست میسجنگ اپلیکشنز کے مدمقابل آجائے گی۔

اس فیچر کے بعد بہت جلد انسٹاگرام استعمال کرنے والے صارفین کو اپنے دوستوں سے پیغامات یا کالز کی شکل میں رابطے کے لیے دیگر ایپس کی ضرورت نہیں رہے گی۔

مزید پڑھیں : انسٹاگرام کا یہ فیچر اسکائپ کو مشکل میں ڈال دے گا

ایک رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام پلیٹ فارم اور اس کی الگ ڈائریکٹ میسجنگ ایپ کے اینڈرائیڈ اے پی کے میں کال اور ویڈیو کال کے چھپے ہوئے کوڈ اور آئیکون دیکھے گئے ہیں۔

انسٹاگرام نے اس بارے میں بات کرنے سے انکار کیا ہے تاہم اے پی کے عام طور پر ایسے فیچرز موجود ہوتے ہیں جنھیں ڈویلپرز کچھ عرصے میں عام صارفین کے لیے پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اگر فیس بک کی جانب سے انسٹاگرام کے ڈائریکٹ میسجز میں آڈیو اور ویڈیو کال کا فیچر دے دیا گیا تو یہ اسنیپ چیٹ کے لیے مزید بڑا خطرہ تو بنے گی ہی، دیگر میسجنگ ایپس کے لیے بھی مشکل پیدا ہوجائے گی۔

خیال رہے کہ انسٹاگرام پہلے ہی اسٹوریز فیچر کے معاملے میں اسنیپ چیٹ کو پیچھے چھوڑ چکی ہے۔

یہ فیچرز صارفین کے لیے انسٹاگرام کی اہمیت کو بھی بدل دیں گے۔

ابھی یہ تصاویر دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے مگر دوستوں سے رابطے کے لیے کسی چیٹ ایپ پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انسٹاگرام اور واٹس ایپ کا مزہ ایک ساتھ

مگر ان فیچرز کی آمد کے بعد صارف کو کسی اور ایپ کی ضرورت نہیں ہوگی، بس ڈائریکٹ میسج کو اوپن کرکے کال بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔

ویسے یہ پہلی بار نہیں انسٹاگرام کی جانب سے ویڈیو چیٹ کا تجربہ کیا گیا۔

گزشتہ سال اگست میں اس ایپ میں تجرباتی طور پر ایک فیچر متعارف کرایا گیا تھا جس میں دو صارفین ایک مشترکہ ولائیو ویڈیو کا حصہ بنے تھے جو ہر ایک دیکھ سکتا تھا، مگر یہ ون ٹو ون ویڈیو چیٹ سے مختلف تھا، جو کہ پرائیویٹ ہوتی ہے۔

اس وقت فیس بک میسنجر اور واٹس ایپ میں بھی ویڈیو کالنگ کا فیچر موجود ہے۔