لائف اسٹائل

سری دیوی کے شوہر سے تفتیش، دبئی نہ چھوڑنے کا حکم

اداکارہ 24 فروری کو دبئی کے ہوٹل میں پانی کے ٹب میں ڈوب کر ہلاک ہوئی تھیں، دبئی حکام نے تفتیش کا آغاز کردیا۔

بولی وڈ کی سپر اسٹار اداکارہ سری دیوی کی ہونے والی حادثاتی موت کی تحقیقات دبئی پولیس کے بعد دبئی پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردی گئی، جس نے اداکارہ کے شوہر سے بھی تفتیش کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز دبئی پولیس کی جانب سے اداکارہ کے ابتدائی پوسٹ مارٹم اور فرانزک میڈیکل چیک اپ کی رپورٹ جاری کی گئی تھی۔

رپورٹس میں اداکارہ کے موت کو حادثہ قرار دیتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ اداکارہ کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے نہیں بلکہ پانی کے ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی۔

وہ دبئی کے امیریٹس ٹاور ہوٹل میں ٹھہری ہوئی تھیں، جہاں وہ اپنے شوہر کے ساتھ رات کا کھانا کھانے کے لیے تیار ہونے کے لیے باتھ روم گئیں تو وہاں باتھ ٹب میں ڈوب کر چل بسیں۔

پولیس رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے نہانے سے قبل شراب نوشی کر رکھی تھی اور نہانے کے دوران وہ بے ہوش ہوگئیں جس وجہ سے وہ پانی سے بھرے ٹب میں ڈوبیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’سری دیوی کی موت حرکت قلب بند ہونے سے نہیں ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی‘
بونی کپور سے سری دیوی نے 1996 میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

اس سے قبل کہا جا رہا تھا کہ سری دیوی اچانک حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے چل بسیں۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد دبئی پولیس نے معاملے کی تفتیش دبئی پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کی تھی، جس نے تفتیش کا آغاز کردیا۔

بولی وڈ ہنگامہ کی رپورٹ کے مطابق دبئی پبلک پراسیکیوشن نے سری دیوی کے شوہر بونی کپور سے بھی تفتیش کی ہے، جب کہ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دبئی حکام کی اجازت کے بغیر دبئی سے باہر نہ جائیں۔

پبلک پراسیکیوشن نے امیریٹس ٹاور ہوٹل کے اسٹاف سے بھی پوچھ گچھ کی ہے، جب کہ اداکارہ کے فون کا ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

—اسکرین شاٹ

علاوہ ازیں دبئی پبلک پراسیکیوشن حکام نے بھارتی حکام سے اداکارہ کا میڈیکل ریکارڈ بھی طلب کرلیا، تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ کیا کبھی انہیں دل کا عارضہ رہا ہے، یا پھر انہوں نے کبھی کوئی سرجری کرائی ہے یا نہیں؟

مزید پڑھیں: ہوٹل میں سری دیوی کے ساتھ آخری 15 منٹ میں کیا ہوا؟

خیال رہے کہ سری دیوی 24 فروری کی رات 9 بجے کے بعد چل بسی تھیں، تب سے ہی ان کی لاش دبئی کے مقامی ہسپتال میں رکھی ہوئی ہے۔

دبئی قوانین کے تحت تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ان کی لاش کو ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ ان کی لاش 26 فروری کو بھارت روانہ کردی جائے گی، تاہم اب خیال کیا جا رہا ہے کہ اس حوالے سے مزید 2 دن لگ سکتے ہیں۔

—فوٹو: ہندوستان ٹائمز