ہوٹل میں سری دیوی کے ساتھ آخری 15 منٹ میں کیا ہوا؟
بولی وڈ کی ’ہوا ہوائی گرل‘ سری دیوی کی 24 فروری کو ہونے والی اچانک موت سے نہ صرف بھارتی فلم انڈسٹری بلکہ دنیا بھر میں موجود ان کے کروڑوں مداح غمزدہ ہیں۔
سری دیوی 2 دن قبل دبئی کے معروف ایمیریٹس ٹاور ہوٹل میں میں مبینہ طور پر حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے چل بسی تھیں، وہ دبئی میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ اپنے ہی خاندان کی ایک شادی میں شرکت کے لیے گئی تھیں۔
اگرچہ تاحال ان کی اچانک موت کی اصل وجہ کی تصدیق نہیں ہوسکی، تاہم ابتدائی طور پر یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وہ حرکت قلب بند ہونے کے باعث چل بسیں۔
لیکن اب ان کے مرنے سے قبل آخری لمحات کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔
سری دیوی کی زندگی کے آخری 15 منٹس کی تازہ رپورٹس سامنے آنے کے بعد یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ان کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سری دیوی کی زندگی کی آخری 15 منٹ کی رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ اداکارہ کی موت باتھ روم میں نہانے کے دوران ’باتھ ٹب‘ میں ہی ہوئی۔