سعودی عرب میں پہلا فیشن ویک آئندہ ماہ ہوگا
عرب فیشن کونسل (اے ایف سی) نے آئندہ ماہ مارچ میں سعودی عرب میں پہلے فیشن ویک منعقد کرنے کا اعلان کردیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ایک برس سے سعودی عرب میں اصلاحاتی پروگرام جاری ہے، جس کے تحت اب تک وہاں پہلے خواتین کے میوزک کنسرٹ منعقد کیے جانے سمیت وہاں 35 سال بعد پہلے فلم کی نمائش بھی کردی گئی۔
یہ اصلاحاتی پروگرام وژن2030 کے تحت شروع کیا گیا، جس کے ذریعے نہ صرف ثقافت، میوزک، کھیلوں، انفارمیشن ٹیکنالوجی و صنعتی شعبوں میں خواتین کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے بلکہ دیگر شعبوں میں بھی ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اسی پروگرام کے تحت گزشتہ دسمبر میں سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ’کنگ فہد کلچر سینٹر‘ میں پہلی بار خواتین کا میوزک کنسرٹ پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔
اس کنسرٹ میں لبنانی گروکارہ ببا توازی نے گلوکاری کے جوہر دکھائے۔
یہی نہیں بلکہ گزشتہ ماہ جنوری میں وہاں 35 سال بعد پہلی فلم کی بھی نمائش کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کی پہلی تھیٹر ادکارہ نجات مفتاح
وژن 2030 کے تحت ہی رواں ماہ 12 فروری کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں تھیٹر ڈرامے کے اندر پہلی بار کسی سعودی خاتون نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔