کاروبار

ہونڈا پاکستان میں کونسی نئی گاڑی پیش کررہی ہے؟

ہونڈا اٹلس پاکستان نے ملک میں ایک نئی گاڑی جلد متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے اور فیس بک پر اس کی ایک جھلک پیش کی ہے۔

ہونڈا اٹلس پاکستان نے ملک میں ایک نئی گاڑی جلد متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے اور فیس بک پر اس کی ایک جھلک پیش کی ہے۔

کمپنی کی جانب سے یہ تو نہیں بتایا گیا کہ کونسی گاڑی کو متعارف کرایا جائے گا تاہم امکان ہے کہ وہ نئی ہونڈا سی آر وی 2018 ہوسکتی ہے۔

ہونڈا سی آر وی ایس یو وی گاڑی ہے جس کا پہلا ورژن 20 سال قبل فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں : 70 لاکھ گاڑیاں فروخت،سی آر وی دنیا کی مقبول ترین ایس یو وی

سی آر وی کا مطلب کمفرٹ ایبل رن اباﺅٹ وہیکل ہے اور پرو پاکستانی کی رپورٹ کے مطابق ہونڈا کی جانب سے اس کا 2018 ورژن پاکستان میں پیش کیا جارہا ہے۔

پانچ دروازوں والی یہ گاڑی دنیا بھر میں بہت زیادہ فروخت ہوتی ہے تاہم پاکستان میں کچھ زیادہ کامیاب نہیں ہوسکی۔

رپورٹ کے مطابق سی آر وی 2018 چار انجن یعنی 1.5 لیٹر پٹرول، 2.0 لیٹر پٹرول، 2.4 لیٹر پٹرول اور 1.6 لیٹر ڈیزل میں تیار کی گئی ہے تاہم پاکستان میں صرف پٹرول ورژن ہی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ہونڈا سی آر وی ہائیبرڈ 2018 کی اگلے ہفتے رونمائی

اس نئی گاڑی کا فرنٹ کا حصہ ہونڈا سوک سے ملتا ہے یعنی کروم گرل جبکہ ایل ای ڈی لائٹس، الیکٹرک پاور اسٹیئرنگ وغیرہ دیگر نمایاں فیچرز ہیں۔

ویسے اس گاڑی کو رواں ماہ ہی بھارت میں متعارف کرایا گیا جہاں اسے رواں سال کے وسط میں 22 سے 23 لاکھ بھارتی روپے (37 سے 40 لاکھ پاکستانی روپے) کے درمیان فروخت کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان میں اس گاڑی کی قیمت اور دیگر تفصیلات اسے متعارف کرائے جانے کے بعد ہی سامنے آسکیں گی ۔