سعودی عرب میں خواتین کے تاش کھیلنے کی تصویر وائرل
سعودی عرب کے مقدس ترین شہر مدینہ منورہ کی مسجد منورہ میں گزشتہ برس نومبر میں جس طرح ایک یہودی کی جانب سے سیلفی لیے جانے پر تنازع ہوا تھا۔
اسی طرح اب سعودی عرب کے ہی مقدس ترین شہروں میں سے ایک مکہ مکرمہ میں موجود مسلمانوں کے لیے سب سے زیادہ اہم عبادتگاہ یعنی مسجد الحرام میں مبینہ طور پر کھینچی گئی تصویر پر تنازع ہوا ہے۔
مبینہ طور پر مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام میں کھینچی گئی خواتین کی تصویر میں انہیں تاش کے پتے کھیلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
تاہم تاحال اس تصویر کے حوالے سے سعودی حکام کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آسکا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ برقع میں ملبوس 4 خواتین فرش پر بیٹھی آرام سے تاش کے پتوں سے کھیل رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مسجد نبوی میں ایک اسرائیلی یہودی کی تصویر پر تنازع
تصویر سے اندازہ ہوتا ہے کہ اسے رات کے وقت میں کھینچا گیا، کیوں کہ خواتین کے ارد گرد لائٹیں جلتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔
حیران کن بات یہ ہے کہ تصویر میں دیگر افراد کو احرام میں آتے جاتے دیکھا جاسکتا ہے، تاہم تاش کے پتے کھیلنے والی خواتین آرام سے اپنے کھیل میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔
تصویر میں دیگر نقاب اور برقع پوش خواتین و احرام میں ملبوس مرد حضرات کو بھی فرش پر بیٹھا ہوا دیکھا جاسکتا ہے۔